30ستمبر تک پورے ملک میں چینلز ڈیجیٹلائز ہو جائیں گے ۔چئیر مین پیمرا ابصار عالم کی میڈیا بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 12 فروری 2016 14:57

30ستمبر تک پورے ملک میں چینلز ڈیجیٹلائز ہو جائیں گے ۔چئیر مین پیمرا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 فروری 2016ء) : پیمرا کے چئیر مین ابصار عالم نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا کی آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ کیبل آپریٹرز ہیں۔ اس لیے ہم سب سے پہلے کیبل آپریٹرز کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کیبل آپریٹرز کے آلات درآمد کے لیے این او سی کے حصول کے لیے آن لائن فارم بنا دیا گیا ہے۔ کیبل آپریٹرز سائٹ سے فارم ڈاﺅن لوڈ کر کے این او سی کے لیئے اپلائی کر سکتے ہیں۔

ابصار عالم نے کہا کہ پیمرا کے تمام ریجنل دفاتر میں ایک ہیلپ ڈیسک بنا دیا ہے جو اس ریجن کے کیبل آپریٹرز کے تمام کام ان کےساتھ مل کر کرے گا، ان میںزیادہ تعداد ان لوگوں کی ہے جنہیں سرکاری معاملات حل کرنے میں بہت دیر لگتی تھی۔ اس ڈیسک کی نگرانی کے لیے کرپشن کے خاتمے کے لیے کیمرے نصب کیے گئے ہیںجن کے ذریعے ہیڈ آفس سے بیٹھ کر انہیں مانیٹر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری اور ادارے کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے میڈیا کو آگاہ رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں پیمرا نے تمام فارمز اور نوٹسز اور ضوابط کے لیے اُردو زبان کا استعمال شروع کر دیا ہے جس کے باعث کیبل آپریٹرز کو در پیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے گا۔ جو کیبل آپریٹرزاپنے نظام کو ڈیجیٹل کریں گے انہیں انعام کے طور پر دس سال کا تجدیدی لائسنس دیا جائے گا جو کیبل آپریٹرز پانچ سال کے لائسنس کے لیے مختص کی گئی فیس ادا کر کے حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تیس ستمبر تک پورے ملک میں چینلز ڈیجیٹلائز ہو جائیں گے ۔ اس سے کیبل آپریٹرز سمیت ناظرین کو بھی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے میڈیا اور منسلک اداروں کو صنعت کا درجہ دینے کی سفارش بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :