پتنگ بازی کرنے والے کیخلاف کارروائی کافیصلہ

جمعہ 12 فروری 2016 12:31

فیصل آباد۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) سخت حکومتی ہدایات کی روشنی میں پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے بچوں سمیت ان کے والدین کے خلاف بھی بھرپور کاروائی کافیصلہ کیاگیاہے اورکہاگیاہے کہ تما م والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے بازرکھیں بصورت دیگر اگر کسی جگہ پر کوئی بچہ یابڑا پتنگ بازی کرتاہوا پکڑا گیا تو اس کے ساتھ ساتھ اس کے والدین کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجما ن نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے پتنگ سازی اور پتنگ بازی پر سختی سے پابندی عائد ہے جبکہ غیر قانونی طور پر پتنگیں اور ڈوریں تیارکرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیاجارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسی ضمن میں فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مار کر بڑی تعداد میں پتنگیں ، ڈوریں ، کیمیکل ڈور کے گولے اور ڈور بنانے والی مشینیں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ملزمان کے خلاف 4کائیٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ فرار ہونے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی پتنگ سازی اور پتنگ بازی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :