ملک میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین کو دیا جائے‘ مخدوم سید احمد محمود

میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بد حواسی کا شاہکار ہیں‘پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر

جمعرات 11 فروری 2016 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر وسابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین کو دیا جائے، صوبائیی خودمختاری واپس لینے سے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہونگے، یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ اپنے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہی کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بد حواسی کا شاہکار ہیں ۔

پہلے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے، صحت، تعلیم اور خوراک و صاف پانی کے بعد لگژری سفر سے کسی کو انکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے 1973ء کا متفقہ آئین دیا اور مختلف اوقات میں ملک پر مسلط ہونیوالے ڈکٹیٹروں کی من پسند ترمیم کو ختم کرکے اسے اصل حالت میں بحال اور 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو خود مختاری دے کر ملک کے اندر جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا لیکن افسوس کہ آمریت کی گود اور چھتری میں پروان چڑھنے والی مسلم لیگ (ن) نے ماضی کی تاریخ سے سبق حاصل کرنے کی بجائے ایک مرتبہ پھر مارشل لا ئی قوانین کا سہارا لے کر صوبائی خود مختاری کو ختم اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازشیں شروع کردیں ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری اداروں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار اور غریب ملازمین کا معاشی قتل عام بدترین انتقامی کارروائیاں ان کا اصل منشور اور ایجنڈا بن کر رہ گیا ہے۔ گڈ گورننس کا عام یہ ہے کہ پوری قوم دہشتگردوں کے رحم و کرم پر یا سڑکوں پر احتجاج کررہی ہے اور حکمران ریاستی اداروں کے ذریعے ان پر بد ترین تشدد، لاٹھیاں اور گولیاں برسا کر ان کی زندگیاں چھیننے میں مصروف ہیں۔

انصاف اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا رول ادا کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سنگین صورتحال میں پیپلز پارٹی خاموشی اختیار نہیں کر یگی اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں بھرپور طریقے سے آواز بلند کی جائے گی اور اگر بات نہ مانی گئی تو پھر سڑکوں پر سخت مذاحمت اور دما دم مست قلند ہوگا۔

متعلقہ عنوان :