دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قانون نافذ کر نے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 11 فروری 2016 20:45

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کر نے والے اداروں ،بلخصوص ایف سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایف سی کے ساتھ ہیں اور صوبے کو پر امن بنانے کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے۔ جو جوانمردی اور جو ش و جذبہ کے ساتھ دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی ہسپتال میں گذشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کے موقع پر ان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی ، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صوبائی مشیر عبیداﷲ بابت ، سردار دُر محمد ناصر اور اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو اور حاجی اسلام اور ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ بھی اُ ن کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے فرداً فرداً زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا اور انہیں پھول پیش کیے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا کہ ملک اور صوبے سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری مشترکہ جنگ ہے اور ہم مل کر ان کا مقابلہ کرینگے ۔ایف سی اہلکاروں نے بھی دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :