مہنگائی، بدامنی، سود سمیت معاشرے میں ظلم وناانصافیاں موجودہ فرسودہ نظام کی پیداکردہ لعنت ہیں، جماعت اسلامی بلوچستان

جمعرات 11 فروری 2016 20:44

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولاناعبدالحمیدمنصوری ،جمعیت طلبہ عربیہ بلوچستان کے منتظم مولاناعبدالناصر نے کہا کہ مہنگائی، بدامنی، سود سمیت معاشرے میں ظلم وناانصافیاں موجودہ فرسودہ نظام کی پیداکردہ لعنت ہیں۔ عوام کے تمام تر مسائل کا حل اور پریشانیوں کا علاج صرف ملک میں نفاذ شریعت میں ہی مضمرہے۔

دنیا کو امن اور انسانیت کو چین وسکون کیلئے دین فطرت پر عمل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الفلاح ہاؤس میں نفاذاسلام کنونشن کے حوالے سے جمعیت طلبہ عربیہ کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں داداﷲ ناصر،متین منور،ثناء اﷲ جوگیزئی ودیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر 19فروری الفلاح ہاؤس میں منعقدہ کنونشن ،سراج الحق کے خطاب کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام کلمہ طیبہ لاالہٰ الا اﷲ کے نام سے وجود میں آیاتھا مگر حکمرانوں نے دین فطرت کو چھوڑ کر غیروں کی غلامی اور انسانوں کے ہاتھوں کے بنائے ہوئے قوانین پر عمل کرکے عوامی امیدوں کا قتل کیا ہے کیونکہ اس نظام نے ہمیں تباہی وبربادی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس کی ملک گیر اور انقلابی تنظیم ہے جو کہ کسی زیر زمین نہیں بلکہ علی الاعلان اصلاح معاشرہ اور شریعت کے نفاذ کیلئے پرامن وعوامی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے،ملک میں اسلام اور آئین کی حکمرانی میں ہی ملک وقوم کی بقا ہے۔ اسلام انسانیت کو کامیاب زندگی گذارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ پاکستان امریکی کالونی نہیں بلکہ امت کی امیدوں کی کرن ہے اسلئے ہم اسلامی پاکستان کو لبرل پاکستان ہرگز نہیں بننے دیں گے کیوں کہ اسلامی پاکستان ہی ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔