سماجی تعمیروترقی کے لئے جدید دورمیں تعلقات عامہ کے ماہرین کا کلیدی رول ہے،راجہ جہانگیر انور

بدھ 10 فروری 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء ) ڈائریکٹرجنرل پبلک ریلیشنز پنجاب راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ سماجی تعمیروترقی کے لئے ابلاغیات کے جدید دورمیں تعلقات عامہ کے ماہرین کا کلیدی رول ہے۔میڈیا پر ملک وقوم کی ساکھ کوبہتر بنانے کے لئے ابلاغیات کے نوجوان طلبہ اپنا بھرپورکردارادا کریں۔پنجاب یونیورسٹی کے ادارہ علوم ابلاغیات میں’’ جدید دور کی تعلقات عامہ،مواقع اور چیلنجز‘‘کے عنوان سے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی آرراجہ جہانگیر انور نے کہا کہ سوشل میڈیا کے تیز ترین دور میں ڈاکٹروں اورانجینئروں کی نسبت وطن عزیز کو ابلاغیات کے ماہرین کی زیاد ہ ضرورت ہے۔

اقوام عالمی میں پاکستان کی امیج بلڈنگ کا ٹاسک نوجوان ماہرین ابلاغیات کو پورا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کے شعور وآگاہی کے لئے اوپن ابلاغی پالیسی پر گامزن ہے۔معاشرے میں منفی رحجانات کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی تشہیرکی جاتی ہے تاکہ عوام کو ان کے مسائل اور درپیش مشکلات کے حل کے لئے حکومت کی اقدامات اورکاوشوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنے شعبے کی عملی تربیت اور تجربہ حاصل کرنا چاہیے۔روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے کے لئے ابلاغیات کے طالب علموں کوتمام شعبہ ہائے زندگی سے واقفیت ضروری ہے اور مطالعہ کی عادت کو اپنانا ہوگا۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ اچھی پبلک ریلشنز،اچھی میڈیا مینجمنٹ سے مشروط ہے۔ڈی جی پی آر راجہ جہانگیر انور نے تربیتی سیشن کے شرکاء،اساتذہ اور طلبہ کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کے نئے فلسفے کے مطابق 5 شعبوں میں بیک وقت کام کرنا ضروری ہے۔

جن میں تعلیم،صحت،ٹرانسپورٹ بھی شامل ہیں۔حکومت پنجاب لاہور کے علاوہ ملتان اورراولپنڈی میں بھی میٹرو بس سروس پراجیکٹ پرکام کررہی ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین لاہور کے بعد دیگر اضلاع میں بھی چلائی جائے گی۔انچارج ڈائریکٹر ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ ڈی جی پی آر راجہ جہانگیر انور کا ابلاغیات کے طلبہ کے تربیتی سیشن سے خطاب خوش آئند ہے۔صنعت وتعلیم کے روابط سے طلبہ کو روزگار کے نئے مواقع میسرہوں گے۔تربیتی سیشن میں سینئر ٹیچر ڈاکٹر وقار ملک ودیگراساتذہ ، چیف کورگروپ اشتیاق امین ملک انفارمیشن اآفیسرحفصہ جاوید،عظمی رباب،سحر اقبال وٹو،پبلک ریلشنز سوسائٹی کے عہدے دار بھی موجود تھے۔