میٹروبس پراجیکٹ کو جنگلا بس کہنے والوں نے عام انتخابات 2013ء میں مزہ چکھ لیا ہے،شہبازشریف

لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب، شہبازشریف کو لاہور پریس کلب کی لائف ممبر شپ دی گئی وزیراعلیٰ کا لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 30لاکھ روپے سے بڑھا کر 50لاکھ روپے کرنے کا اعلان

بدھ 10 فروری 2016 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جس طرح ووٹ کی طاقت کے ذریعے حکومتیں آتی اورجاتی ہیں،اسی طرح صحافتی تنظیمیں بھی ووٹ کے ذریعے ہی اپنے نئے عہدیدار منتخب کرتی ہیں۔لاہور پریس کلب پاکستان کا ایک مایہ ناز صحافتی ادارہ ہے اور میں لاہور پریس کے نومنتخب صدرمحمد شہبازمیاں ، سیکرٹری شاداب ریاض، دیگر عہدیداران اور گورننگ باڈی کے ممبران کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھانے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

معاشرے اورملک کو بہتر بنانے اورحکومتوں کی رہنمائی میں صحافتی برادری ،کالم نگاروں ،اینکرز اورتجزیہ نگاروں کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ ملک کی بہتری کیلئے اپنا مثبت کردارجاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو ماڈل ٹاؤن میں لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب صدر محمد شہبازمیاں، سیکرٹری شاداب ریاض، دیگر عہدیداران اور گورننگ باڈی کے ممبران سے حلف لیا۔

لاہور پریس کلب کے صدر شہبازمیاں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو لاہور پریس کلب کی لائف ممبر شپ دی۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام میں صحافتی برادری نے بے پناہ جدوجہد کی ہے اورقربانیاں دی ہیں ۔جمہوریت کی بحالی اورجمہوری اداروں کے استحکام کیلئے صحافتی برادری کی جدوجہد کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیاسے بہت امیدیں وابستہ ہیں اوریہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 8برس کے دوران صحافی کالونی میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں جس کے تحت بیواؤں کیلئے پلاٹس کی قیمتیں کم کی گئیں۔وزیراعلیٰ نے لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 30لاکھ روپے سے بڑھا کر 50لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب کے ممبران کو طبی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی جبکہ میں دیگر جائزمطالبات کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کیلئے بھی تیار ہوں۔

وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں زعیم حسین قادری،سیکرٹری اطلاعات،ڈی جی ایل ڈی اے ،شعیب بن عزیز اورڈی جی پی آر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی صحافی برادری کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے جائز مطالبات کے حل کیلئے جلد حتمی سفارشات پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اخباری رپورٹس،کالموں اور دیگر ذرائع سے ملنے والی خبروں سے رہنمائی لیتا ہوں اوراس پر فوری کارروائی کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کوئی بھی پیغام بہترین طریقے سے عوام تک پہنچانے میں اہم کردارادا کرتے ہیں لہٰذا انہیں ملک کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو بھی عوام تک پہنچانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 68برس سے ملک میں کرپشن کا دور دورہ رہا ہے لیکن موجودہ حکومت کے دور میں برلن سے جاری ہونے والی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کرپشن کنٹرول کرنے کے اقدامات کے حوالے سے درجہ بندی تین درجے بہتر ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :