سی آئی اے پولیس کی کاروائی شہریوں کو گن پوائنٹ پر قیمتی اشیاء سے محروم کرنے والے دو گروہوں کے 9ملز م گرفتار

ملزمان میکڈونلڈز اورکے ایف سی سمیت مختلف بیکریوں پر وارداتیں کرنے کے علاوہ دیگر اضلاع میں شہریوں کو لوٹنے کے بعد باآسانی فرار ہونے کا پورا ڈب جانتے تھے،وارداتوں کے بعد یہ ملزمان ناران، کاغان اور شمالی علاقوں میں روپوش ہو جاتے تھے اور لوٹا ہوا مال عیاشی پر صرف کرتے تھے‘سی سی پی او لاہو رکیپٹن (ر) محمد امین کی پریس کانفرنس

بدھ 10 فروری 2016 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ سی آئی اے پولیس نے ڈوسے ، کیک اینڈ بیکس کے علاوہ مختلف بیکریوں کے ایف سی ، سب ویز ، فارمیسوں اور بڑے جنرل اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کے علاوہ شہریوں کو شاہراؤں پر گن پوائنٹ پر قیمتی اشیاء سے محروم کرنے والے دو گروہوں کے 9ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے 46لاکھ روپے سے زائدنقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔انہوں نے کہا کہ ڈکیتیوں اور سب ویز پر وارداتیں کرنے والے گروہ کا سرغنہ علی نائنٹی اس قدر سفاک اور نڈر تھا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ہی دن میں سب ویز ریسٹورنٹ ایم ایم عالم، میکڈونلڈ ڈیفنس اور کیک اینڈ بیکس بیکری کو لوٹ مار کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملزمان نے راولپنڈی، لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ڈکیتی اور راہزنی کی 70سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزموں میں ملک شاہد عرف علی نائنٹی، گلفام منور عرف ٹیپو شامل ہیں جبکہ ان کے دیگر دو ساتھی حمزہ اشرف اور محمد عد یل اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دوسرے ڈکیت گروہ کے گرفتار ملزموں میں گروہ کا سرغنہ علم دین ، اسلم عرف بھولا، محمد امجد، حبیب احمد عرف چھوٹو، محمد احمد، اصغر عرف مٹھو اور وسیم صفدر شامل ہیں۔ملزمان دوران واردات مزاحمت پر فائرنگ کر کے شہریوں کو مضروب کرنے سے بھی گریز نہ کرتے تھے۔

علمہ ڈکیت گروہ کے ساتوں ملزمان قصور، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولپور اور لاہور سے تعلق رکھتے ہیں جو وارداتوں کے لیے لاہور میں اکٹھے ہوتے اورچند دنوں میں بڑی وارداتیں کر کے لاہور سے نکل جاتے تھے۔ یہ ملزمان بھی انتہائی خطر ناک اور پیشہ ور مجرم ہیں جو وارداتوں سے قبل جگہوں کی مکمل ریکی کر کے یعنی پوری تیاری کے ساتھ اپنے شکار پر حملہ آور ہوتے تھے۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سی سی پی او نے کہا کہ ملزمان میکڈونلڈز اورکے ایف سی سمیت مختلف بیکریوں پر وارداتیں کرنے کے علاوہ دیگر اضلاع میں شہریوں کو لوٹنے کے بعد باآسانی فرار ہونے کا پورا ڈب جانتے تھے۔وارداتوں کے بعد یہ ملزمان ناران، کاغان اور شمالی علاقوں میں روپوش ہو جاتے تھے اور لوٹا ہوا مال عیاشی پر صرف کرتے تھے۔

ملزموں سے ہونیوالی برآمدگی کے بارے میں بتاتے ہوئے سی سی پی او نے کہا کہ ملزموں سے مزید انکشافات کے علاوہ مزید برآمدگیوں کی بھی توقع ہے جس کے لیے سی آئی اے پولیس ٹیم پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں سی آئی اے پولیس کے سربراہ محمد عمر ورک اور ان کی ٹیم کو شاباش کے ساتھ ساتھ مبارکباد بھی دیتا ہوں جنہوں نے شب و روز محنت کے بعد خطر ناک ڈکیت گروہوں کے سفاک ملزموں کو گرفتار کیا۔

متعلقہ عنوان :