جدیدتعلیم اور تحقیق میں ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کے باعث تحقیق میں نمایاں پیش رفت ہورہی ہے،ڈاکٹر عبدالقدیر خان

ہر شعبہ ہائے زندگی کے معاملات اور حالات حاضرہ سے مکمل آگاہی عصر حاضر کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ڈاکٹر محمد قیصر

بدھ 10 فروری 2016 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) ممتاز ایٹمی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ جدیدتعلیم اور تحقیق میں ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کے باعث تحقیق میں نمایاں پیش رفت ہورہی ہے، تدریسی ادارے اپنے لائق اساتذہ کی ریسرچ کی سرگرمیوں سے پہچانے جاتے ہیں۔ عالمی درجابندی میں جامعہ کراچی پاکستانی جامعات میں سرفہرست ہے۔

جامعات ملک ومعاشرے کوقیادت فراہم کرتے ہیں اسی لئے طلبہ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قوم کو تعلیم اور تہذیب یافتہ بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ میں نے پاکستانی سائنسدانوں کو عصری تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تحقیق کرنے کے لئے قائم کیا تھااور ڈاکٹر عابد اظہرکی سحر انگیز قیادت نے آج اس انسٹیٹوٹ کو کامیابیوں کی بلندیوں تک پہنچادیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ ایک بین الاقوامی معیار کا تحقیقی ادارہ بن چکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی زیر صدارت ڈاکٹر اے کیوخان انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کے گورننگ کونسل کے پندرہویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انسٹیٹوٹ کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر نے انسٹیٹوٹ کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جس کے مطابق ڈاکٹر اے کیوخان انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی جانب سے اب تک ایک ڈاکٹر آف سائنس ،42 پی ایچ ڈی اور 04 ایم فل کی ڈگریاں تفویض کی جاچکی ہیں۔انسٹیٹوٹ ہذاکے اسکالرز اور فیکلٹی کی 521 ریسرچ پبلیکیشنزبین الاقوامی اور قومی جرائد میں شائع ہوچکی ہیں۔

علاوہ ازیں انسٹیٹوٹ کی جانب سے 100 سے زائد بین الاقوامی اور قومی کانفرنسز اور ورکشاپس کا انعقاد اور شرکت کی جاچکی ہے جو انسٹیٹوٹ کی علمی اور تحقیقی صلاحیتوں کا منہ بولتاثبوت ہے۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی کے معاملات اور حالات حاضرہ سے مکمل آگاہی عصر حاضر کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور انسٹیٹوٹ ہذا جدید ٹیکنالوجی اور عصری تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید تعلیم وتربیت کا مرکز ومحور بن کرابھررہاہے جو لائق تحسین ہے اور پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر کی سحر انگیز قیادت نے انسٹیٹوٹ ہذا کو تعلیمی وتحقیقی میدان میں ایک نئی جہت عطاکی ہے۔

محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جامعہ کراچی آمد ہم سب کے لئے باعث افتخارہے ۔آخر شعبہ بائیوکیمسٹری کے پروفیسر عطاالرحمن کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :