ضلع شیخوپورہ اور قصور کی ایڈمنسٹریشن بھی ’’لاہور ماڈل‘‘ پر ریڑھیاں ریڑھی بانوں کو دے گی‘عبداﷲ خان سنبل

بدھ 10 فروری 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ ضلع شیخوپورہ اور ضلع قصور کی ایڈمنسٹریشن بھی ’’لاہور ماڈل‘‘ پر ریڑھیاں ریڑھی بانوں کو دے گی- انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں ماڈل ریڑھیاں راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن کے ریڑھی بانوں کو دی جائیں گی جبکہ پہلے مرحلہ میں رواں ماہ میں ہی ریڑھی بانوں کو دی جانے والی ماڈل ریڑھیوں کی تعداد ایک سو کے قریب ہو جائے گی- انہوں نے واضح کیا کہ اخوت کے پلیٹ فارم سے دی جانے والی ماڈل ریڑھیاں صرف پہلے سے ریڑھی لگانے والے کو ہی دی جائیں گی اور پرانی ریڑھی اس سے واپس لی جائے گی تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو- انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ماڈل ریڑھیاں صرف ٹی ایم اے کی مخصوص کردہ جگہوں پر ہی موجود رہیں گی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر ان ریڑھیوں پر فروخت ہونے والی کھانے پینے کی اشیاء کو حفظان صحت کے اصولوں اور اپنے قواعد اور ضوابط کے مطابق ضرور چیک کرے تاکہ صف ستھری غذا کی فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جا سکے-