قوم عزیر بلوچ کے انکشافات پر مٹی ڈالو پالیسی نہیں چلنے دے گی‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

آخری دہشتگرد اور آخری کرپٹ فرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہنا چاہیے ‘صاحبزادہ حامدر ضا ء

بدھ 10 فروری 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم عزیر بلوچ کے انکشافات پر مٹی ڈالو پالیسی نہیں چلنے دے گی ،آخری دہشتگرد اور آخری کرپٹ فرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہنا چاہیے ،سول ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرکے ضرب عضب کی کامیابیوں کو ضائع کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔پاکستان میں جمہوریت صرف اسمبلیوں تک پہنچنے کا ایک ذریعہ ہے۔عوام کے مسائل پر پارلیمنٹ میں بات نہیں ہوتی۔ بجلی و گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ سے شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

حکمران اور ان کے حواری ملکی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں۔ حکومت نے نمائشی منصوبوں کی خاطر صحت و تعلیم کو نظر انداز کر رکھا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک بحرانوں اور قوم مایوسی میں مبتلا ہے۔احتساب کا مؤثر نظام نہ بننا ملک وقوم کی بد قسمتی ہے۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کا احتساب نہ کرنے کا معاہدہ ررکھا ہے۔ماضی اور حال کی حکومتوں نے پاکستان کو اخلاقی ، سماجی اور اقتصادی تباہی سے دو چار کیا ہے۔

ناقص زرعی پالیسی سے کاشت کار بد حالی کا شکار ہیں۔ اورنج ٹرین منصوبہ نے لاہور کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ملک کی ترقی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی سے مشروط ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی سے مشروط ہے۔بلوچستان میں بد امنی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔بھارت مٹھی بھرعلیحدگی پسند بلوچوں کو پیسہ اور اسلحہ فراہم کررہا ہے۔پاک فوج نے قر بانیاں دیکر بلوچستان میں امن قائم کیا ہے۔بلوچستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔