Live Updates

مذہبی جماعتیں مذہب کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں‘سید ریاض حسین شاہ

اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنا عالمی سازش ہے۔علماء اسلام کا پر امن اور حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں

بدھ 10 فروری 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتیں مذہب کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں، اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنا عالمی سازش ہے۔علماء اسلام کا پر امن اور حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں، مسلمان دنیا بھر میں ناانصافیوں کا شکار ہیں، اقوام متحدہ مسلمانوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت برطانیہ کے جنر ل سیکرٹری علامہ قاضی عبد العزیز چشتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ یورپ میں چرچ مساجد میں تبدیل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

مغرب میں اسلام کی بڑھتی مقبولیت سے اسلام دشمن قوتیں خوف زدہ ہیں۔ اسلامی اقوام متحدہ کا قیام ناگزیر ہے۔

یورپی یونین بن سکتی ہے تو اسلامی یونین کیوں نہیں بن سکتی ۔ دہشتگرد غدار اور اسلام کے باغی ہیں ہم ان کا مقابلہ اسلام کی قوت سے کریں گے۔ہماری ایک جنگ دہشتگردوں اور دوسری جنگ اسلام دشمنوں کے خلاف ہے۔ہادیء برحق کے بتائے ہوئے نظام حیات و سیاست کو اختیار کرنا ہو گا۔ مسلمان شیطان کے بجائے اﷲ کی اطاعت کا راستہ اختیار کریں۔ اﷲ کی بندگی ہی حسن زندگی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات