Live Updates

پنجاب میں جعلی ترقی کے کاغذی منصوبوں کی تشہیر پر اربوں روپے لٹائے جا رہے ہیں ‘عبدالعلیم خان

پی ٹی آئی پیپلز پارٹی کا صفایا کر چکی آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو بھی قصہ پارینہ بنا دینگے ٹیکنیکل دھاندلی نہ کرتے تو این اے122کا ضمنی الیکشن فیصلہ کن ثابت ہوتا ‘مرکزی رہنماء تحریک انصاف

بدھ 10 فروری 2016 20:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں جعلی ترقی کے کاغذی منصوبوں کی تشہیر پر قومی خزانے سے اربوں روپے بے دریغ انداز میں لٹائے جا رہے ہیں ،مرغی کے انڈوں سے لے کر بجلی کی پیداوار تک سب کچھ اشتہارات کے ذریعے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور شو بازیوں کی مصروفیت کے ذریعے مصنوعی حکومتی کارکردگی دکھائی جا رہی ہے جس کا حقیقت سے دور کا بھی تعلق نہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عام آدمی تعلیم،صحت اور امن و امان جیسی بنیادی سہولتوں کے لئے مارا مارا پھر رہا ہے جبکہ حکومت اسے اورنج لائن ٹرین جیسے تباہی و بربادی منصوبے سے مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اڑھائی برس گزر جانے کے باو جود لوڈشیڈنگ میں 10فیصد بھی کمی نہیں ہو سکی اور آبادی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے مطابق 2018میں بھی صورتحال اس سے زیادہ گمبھیر ہو جائے گی ۔

ایک سوال پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف پیپلز پارٹی کا صفایا کر چکی اب آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو بھی قصہ پارینہ بنا دیں گے اگر ٹیکنیکل دھاندلی نہ کرتے تو این اے122کا ضمنی الیکشن فیصلہ کن ثابت ہوتا ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں عبدالعلیم خان ،ایم پی اے محمد شعیب صدیقی ،جمشید اقبال چیمہ ،میاں حامد معراج اور میاں جاوید علی نے ننکانہ صاحب کے قریب ہونے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے ،انہوں نے ایمرجنسی سروس اور حکومتی اداروں کی کوتاہی کی بھی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے افسوسناک حادثوں کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جائیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات