ماری پور ٹرک اسٹینڈ پر قائم ٹرکوں کے ڈھانچے ، غیرقانونی پنکچرکی دکانوں ، میکنیکوں کے کیبنز اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا

بدھ 10 فروری 2016 20:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سجاد حسین عباسی کی ہدایت پر محکمہ انسداد تجاوزات نے ماری پور ٹرک اسٹینڈ پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے ناکارہ انجن، ٹرکوں کے ڈھانچے ، غیرقانونی پنکچرکی دکانوں ، میکنیکوں کے کیبنز اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا اس کارروائی کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہرخان کی سربراہی میں نیو ٹرک اسٹینڈ ماری پور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا اس آپریشن کے دوران چار گنجان گلیوں سے مختلف اقسام کی تجاوزات ہٹا دی گئی اور ان گلیوں کو صاف کرکے آمدورفت کو بہتر کردیا گیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید احمد، پولیس کی بھاری نفری اور محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ بھی موجود تھا محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے نیو ٹرک اسٹینڈ ماری پور کی ٹرک اسٹینڈ ایسوسی ایشن کو کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آئندہ کارروائی پیر سے شروع کی جائے گی اور دی گئی مہلت ختم ہونے پر باقی ماندہ تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا ۔

اگر مقررہ وقت کے اندر تجاوزات نہ ہٹائی گئیں تو تمام تر نقصان کے ذمہ دار خود ناجائز قابضین ہوں گے۔