پیپلزپارٹی نے یونین کونسل/ یونین کمیٹی کی سطح پر مردم شماری کیلئے مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کردیں

مردم شماری کے حوالے سے مردم شماری ڈاٹ کام کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی قائم کی جارہی ہے،سینیٹر تاج حیدر

بدھ 10 فروری 2016 20:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے پارٹی کے تمام ضلعی صدور کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر یونین کونسل/ یونین کمیٹی میں مردم شماری کیلئے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دیں یہ کمیٹیاں پانچ ارکان پر مشتمل ہونگی اور اراکین میں وارڈ کی سطح کے ٹکٹ ہولڈرز اور منتخب کونسلرز شامل ہونگے۔

ضلعی صدور کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ لیول پر کمیٹی وارڈز کمیٹیوں کے کام کی نگرانی کرے گی اور وارڈ کمیٹیاں اپنی ہفتہ وار رپورٹ ڈسٹرکٹ کمیٹی کو اور ڈسٹرکٹ ڈویژنل کمیٹی کو ارسال کرینگے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر صوبہ کی سطح پر بھی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیں گے جو موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی پی پی سندھ میں مردم شماری کے حوالے سے مردم شماری ڈاٹ کام کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی قائم کی جارہی ہے جہاں پر تمام شکایات اور وارڈ کمیٹیوں کی رپورٹس کا اندراج کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ ہونے والی مردم شماری کے سلسلے میں عوام میں آگاہی بیدار کرنے کیلئے بھرپور میڈیا مہم چلائے گی تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو۔

انہوں نے کہا کہ وارڈ کی سطح کی کمیٹیاں دیگر سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور معاشرے کے سرکردہ افراد کے ساتھ مل کر درست مردم شماری کیلئے بھرپور تعاون اور کوششیں کرینگے۔ ضلع کی سطح پر بھی دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ رکھا جائے گا اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر بھی اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :