سیکرٹری ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظرڈیزل و پٹرول بسوں ، ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے نئے کرایوں کا اعلان کر دیا

نان اے سی بسوں ، ویگنوں کا کرایہ 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر فیصل آباد سے جھنگ، جھنگ سے فیصل آباد کا نیا کرایہ 75کلو میٹر مسافت کے باعث 56 روپے فی مسافر ہو گا

بدھ 10 فروری 2016 19:55

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظرڈیزل و پٹرول بسوں ، ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے نئے کرایوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت نان اے سی بسوں ، ویگنوں کا کرایہ 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے اس طرح فیصل آباد سے جھنگ، جھنگ سے فیصل آباد کا نیا کرایہ 75کلو میٹر مسافت کے باعث 56 روپے فی مسافر ہو گا جبکہ دیگر شہروں کے کرائے بھی 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر کے حساب سے وصول کئے جائیں گے نیز اضافی کرائے وصول کرنے والے بس و ویگن مالکان کے خلاف سخت کاروائی کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب لاہور کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن نمبر No.SO(TR-1)2-6/2000(5) کے مطابق چونکہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لہٰذا اس کمی کے پیش نظر حکومت کی جانب سے عوام الناس کو ریلیف دینے کیلئے یکم فروری2016ء سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی 5روپے فی لیٹر کم کی گئی ہیں اور اسی شرح سے اندرون و بیرون شہر چلنے والی ہر قسم کی ہینو نان اے سی ، سادہ نان اے سی بسوں ، ہائی ایس ویگنوں و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب اندرون و بیرون شہروں کے درمیا ن پٹرو ل و ڈیزل پرچلنے والی بسوں و ویگنوں کا کرایہ 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ کچے و ہموار راستوں پر چلنے والی گاڑیوں کا کرایہ 78پیسے فی مسافر فی کلو میٹر اور پہاڑی و غیر ہموار ر استوں پر چلنے والی گاڑیوں کا کرایہ 82پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز و چیئر مینزڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،سیکرٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز سمیت دیگر متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ نئے کرایوں پر فوری عملدر آمد یقینی بنائیں اور ناجائز و غیر قانونی طور پر زائد کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔