عالمی بنک کی طرف سے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو متاثر کن قرار دینا حکومت اور کاروباری طبقہ کی جد و جہد کا اعتراف ہے ‘وزیر اعظم اور وزیر اعلی ٰ پنجاب جب سے اقتدار میں آئے انہوں نے بیرون ملک سے سرمایہ کاری لانے اور اندرون ملک کاروبار کیلئے حالات ساز گار بنانے میں دن رات ایک کیا ہوا ہے

چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ عبدالباسط کابیان

بدھ 10 فروری 2016 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے عالمی بنک کے صدر کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار پر اطمینان کے اظہار کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا ہے کہ عالمی بنک کی طرف سے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو متاثر کن قرار دینا حکومت اور کاروباری طبقہ کی جد و جہد کا اعتراف ہے۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور پنجاب کے وزیر اعلی میاں محمد شہباز شریف جب سے اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک سے سرمایہ کاری لانے اور اندرون ملک کاروبار کے لیے حالات ساز گار بنانے میں دن رات ایک کیا ہوا ہے ۔عبدالباسط نے کہا ہے کہ چین کی 46 ارب ڈالر کی عظیم الشان سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط اورمنصوبوں پر کام شروع ہو جانا حکومت کی تاریخی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ سی پیک معاہدوں کو دنیا ترقی و خوشحالی کا پیش خیمہ قرار دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا نظریہ ہے کہ کاروبار نجی شعبہ کے ہاتھ میں ہونا چاہئے ۔ حکومت انہیں سہولتیں ور ترغیبات فراہم کرے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں ۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ حکومت اپنے لائحہ عمل پر پیش رفت کر رہی ہے کیونکہ عبدالباسط کے مطابق جو ادارے حکومت کے کنٹرول میں تھے وہ رشوت کرپشن اور دوست نوازیوں کا شکار ہو کر نزع کی حالت کو پہنچ گئے ۔

پی آئی اے اور سٹیل مل اس کی زندہ مثال ہیں جو سرکاری خزانہ کے وسائل سے زندہ ہیں ۔عبدالباسط نے کہا ہے کہ عالمی بنک کے صدر نے اقرار کیا ہے کہ حکومت کی کاوشوں سے اقتصادی اعشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں لیکن عبدالباسط نے کہا ہے کہ حکومت مخالف سیاست دان عوامی بھلائی اور خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کرکے کارکردگی کو منفی اور دھندلا بنانے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

عبد الباسط نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی ہڑتال کو جاری رکھنے اور اسے تباہ کن فساد میں بدلنے کے لیے بعض سیاست دانوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن ورکرز کی طرف سے حب الوطنی اور ہوشمندی سے کا م لینا اور ہڑتال ختم کر دینا قابل ستائش اقدام ہے ۔عبدالباسط نے توقع کی ہے کہ ورکرز حکومت کے لائحہ عمل کو اختیار کرتے ہوئے محنت اوردیانت داری سے کام کریں گے تاکہ ہڑتال کی وجہ سے ملکی اقتصادیات کو لگنے والے زخم جلد مندمل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :