فیصل آباد،ٹرانسپورٹ کے کرائے مزید کم کرنے کا اعلان

بدھ 10 فروری 2016 19:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء ) حکومت پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظرڈیزل و پٹرول بسوں ، ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے نئے کرائے کم کرنے کا اعلان کر دیا ہے مگر ضلعی انتظامیہ اس پر عملدرآمدکرنے میں ناکام ہے آن لائن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں حالیہ کمی کے بعد گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت نان اے سی بسوں ، ویگنوں کا کرایہ 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے اس طرح فیصل آباد سے جھنگ، جھنگ سے فیصل آباد کا نیا کرایہ 75کلو میٹر مسافت کے باعث 56 روپے فی مسافر ہو گا جبکہ دیگر شہروں کے کرائے بھی 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر کے حساب سے وصول کئے جائیں گے نیز اضافی کرائے وصول کرنے والے بس و ویگن مالکان کے خلاف سخت کاروائی کا حکم بھی دے دیا گیا ہے، اسی شرح سے اندرون و بیرون شہر چلنے والی ہر قسم کی ہینو نان اے سی ، سادہ نان اے سی بسوں ، ہائی ایس ویگنوں و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اندرون و بیرون شہروں کے درمیا ن پٹرو ل و ڈیزل پرچلنے والی بسوں و ویگنوں کا کرایہ 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر ہو گا۔ کچے و ہموار راستوں پر چلنے والی گاڑیوں کا کرایہ 78پیسے فی مسافر فی کلو میٹر اور پہاڑی و غیر ہموار ر استوں پر چلنے والی گاڑیوں کا کرایہ 82پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز و چیئر مینزڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،سیکرٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز سمیت دیگر متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ نئے کرایوں پر فوری عملدر آمد یقینی بنائیں اور ناجائز و غیر قانونی طور پر زائد کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے جبکہ فیصل آباد میں ہینو نان اے سی ، سادہ نان اے سی بسوں ، ہائی ایس ویگنوں و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ نے ابھی تک کرایوں میں کمی نہیں اور ضلعی انتظامیہ سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمدکرنے میں نمکمل طور پر ناکا م نظر آرہی ہے

متعلقہ عنوان :