دنیا بھر میں تیل کے نرخ کم ہونے سے مہنگائی کم ہورہی ہے پاکستان میں اضافہ ہواہے‘میاں مقصوداحمد

گرانفروشوں،ناجائزمنافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کوقانون کی گرفت میں لایاجائے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 10 فروری 2016 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ صرف ایک ماہ کے دوران وفاقی ادارہ شماریات کے اپنے اعدادوشمارکے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس میں سالانہ کی سطح پر3.3فیصد اضافہ ہواہے،اس قلیل عرصے میں دالوں،مرغی،چینی،سبزیوں،پھلوں اور دیگر اشیاء روزمرہ کے نرخوں میں اضافہ ہواہے،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے فوڈ پرائس انڈیکس میں1.9فیصد کمی ہوئی کیونکہ کاشتکاری سے لے کر خوراک کی ترسیل تک لاگت کاانحصار تیل کی قیمتوں پر ہوتا ہے،یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک نے تیل کے نرخوں میں کمی کافائدہ اپنے عوام کوپہنچایا مگر بدقسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے ٹیکسوں میں اضافہ کرکے عوام کوریلیف فراہم نہ کرنے کی روایت برقرار رکھی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران سنجیدگی سے کام لے کر عوامی مسائل پرتوجہ دیں اور قوم کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔آج ملک میں توانائی بحران کی وجہ سے صنعتیں بند ہورہی ہیں۔مزدور بے روزگار اور ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے ایسے میں مہنگائی میں ہوشرباء اضافے نے ان کی قوت خریدکوبھی بری طرح متاثرکیا ہے۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی خوراک کی بیشتر اجناس ملک میں ہی پیداہوتی ہے اس کے باوجود خوراک کامہنگاہوناالمیے سے کم نہیں۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کے نرخوں میں کمی کے تناسب سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی کی جائیں محض5روپے کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے اور مہنگائی کی شرح کواسی ترتیب سے کم کیاجائے۔گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں کوقانون کی گرفت میں لایاجائے۔پوراملک مافیا کے رحم وکرم پر ہے۔عوام اور ریلیف کے درمیان رکاوٹ بننے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔