پاکستانی معیشت کی بحالی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے،علی اکبر گجر

گزشتہ نصف صدی سے ملک کا پیسہ لوٹ کر حکمران بیرون ملک اپنی تجوریاں بھررہے تھے ،رہنما مسلم لیگ (ن) سندھ

بدھ 10 فروری 2016 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجرنے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی بحالی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔گزشتہ نصف صدی سے ملک کا پیسہ لوٹ کر حکمران بیرون ملک اپنی تجوریاں بھررہے تھے ،قومی خزانہ خالی ہوچکا تھا،عوام غریب سے غریب تر ہورہے تھے اور قرض پہ قرض لے کر ملک چلانے کی ناکام کوشش کی جارہی تھی لیکن مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت نے صرف اڑھائی سالوں میں برسوں کی ڈوبی معیشت کوتباہی کے چنگل سے نکال کر بحالی کی منزل پرلاکھڑا کیا ہے جس پر ہم قائدجمہوریت میاں نوازشریف ، سینیٹر اسحق ڈاراور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کو جب بھی حکومت کرنے کا موقع ملتا ہے ہماری ٹیم ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے کے لئے ہرمحاذپرکوششیں بروئے کا رلاتی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوتے رہے ہیں لیکن اس بار جنر ل مشرف اور زرداری کے تیرہ چودہ سالوں میں حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑاکیا۔

(جاری ہے)

ان دوحکومتوں میں بھاری شرائط کے ساتھ اتنے قرضے لئے گئے کہ ملک اور اس کے عوام ان قرضوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گئے اورپاکستان دیوالیہ ہونے کے خدشات سے دوچار ہو گیا تھا۔

وزیراعظم میاں نوازشریف نے برسراقتدار آتے ہی ملک کے تمام طبقوں کو اعتماد میں لے کر ایسی مثبت پالیسیاں اختیارکیں کہ دوتین سالوں میں ہی ملک اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا ہے۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے حالیہ دوراقتدار میں پاکستان میں غربت میں کمی واقع ہوئی ہے،اقتصادی اشارئیے بہتر ہوئے ہیں اور نجی شعبے کی ترقی میں خاطرخواہ اضافہ ہواہے جس کا اعتراف عالمی بینک کے صدر ڈاکٹرجم یونگ کم نے بھی کیا ہے۔یہ پاکستانی معیشت کی بحالی کے لئے عالمی اداروں کی سندہے ۔ہمیں اپنی حکومت کی کارکردگی پر فخر ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک مزید دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :