آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے قوت ارادی کی ضرورت ہے ،اڈولیسنٹ سنٹرز کے دائرہ کار کو بڑھایا جا رہا ہے ‘بیگم ذکیہ شاہواز

بدھ 10 فروری 2016 16:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء )صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی و تحفظ ماحولیات بیگم ذکیہ شاہواز نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی بھر پور طریقے سے لوگوں میں آبادی پر قابو پانے کے لئے آگاہی مہم کے ذریعے دور دراز پسماندہ علاقوں کے مرد و خواتین میں چھوٹی عمر کی شادیوں کے نقصانات ،خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں میں مناسب وقفے سے متعلق ضروری معلومات دے رہا ہے اس سلسلے میں نو بالغوں کے لئے بلوغت سنٹرز کا قیام بھی عمل میں آ چکا ہے - اس امر کا اظہار صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز نے فیملی ہیلتھ سنٹرز کے افسران سے بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اڈولیسنٹ سنٹرز کے قیام کا مقصد نو بالغوں کو تولیدی و نفسیاتی مسائل کے حوالے سے ضروری معلومات و رہنمائی مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان سنٹرز کا ماحول خوشگوار اوردوستانہ ہونا چاہیے تاکہ نوبالغ ماہر نفسیات سے کھل کر اپنے مسائل بیان کریں اور انہیں بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے - انہوں نے کہا کہ ہم ان سنٹرز کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں - صوبائی وزیر نے فیملی ہیلتھ سنٹرز کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے رہنمائی اور طریقے بھی بتائے - انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو بڑھتی ہوئی آبادی کنٹرول کرنے کے لئے قوت ارادی سے کام لینے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے معاشرے کے فرسودہ رسم و رواج کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں-