ہارون سلطان بخاری کی زیر صدارت مستحق افراد کیلئے فری دستر خوان کے اہتمام اور آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز کے قیام کے حوالے سے اجلاس

پاکستان کے چاروں صوبوں میں ہر روز63000 سے زائد افراد مستفید ہورہے ہیں ،سینکڑوں سرکاری وغیر سرکاری ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کو بلامعاوضہ کھانا تقسیم کیا جاتا ہے‘ صوبائی وزیر کو اجلاس میں بریفنگ

بدھ 10 فروری 2016 16:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر وبیت المال پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری کی زیر صدارت سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کراچی کے تعاون سے پنجاب کے 36 اضلاع میں مستحق افراد کے لئے فری دستر خوان کے اہتمام اور آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز کے قیام کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کا مقصد وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی پیشکش،ان کی کارکردگی اور تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس کی بریفنگ کے دوران سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر محمد غزال نے بتایا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں ہر روز63ہزار سے زائد افراد مستفید ہورہے ہیں جن میں سے 25 ہزار کا تعلق فیصل آباد کے پسماندہ علاقوں سے ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سینکڑوں سرکاری وغیر سرکاری ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کو بلامعاوضہ کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔آئی سنٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے اجلاس کو بتایا کہ سیلانی ویلفیئر کے زیر اہتمام یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کے تحت کراچی میں سو سے زائد سنٹرز طالب علموں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کررہے ہیں۔

سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا یہ ہدف ہے کہ وہ2017 تک پاکستان کو 10000 آئی ٹی ٹرینڈ سٹاف مہیا کرے۔ تربیت پانے والے نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔جس سے ملکی معیشت کو کم از کم ایک بلین ڈالر کافائدہ ہو گا۔سید ہارون احمد سلطان بخاری نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی پیشکش کو قبول کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت پنجاب بالخصوص محکمہ سوشل ویلفیئر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے اعتماد کو اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہے اور ان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ ابتدائی طور پر محکمہ سوشل ویلفیئر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو لاہو، ملتان، مظفرگڑھ، بہاولپور اور سرگودھا میں آئی ٹی سینٹرز کے قیام کے لئے بلڈنگز فراہم کرے گا اور ان کی ضرورت کے مطابق فری دسترخوان کے لئے باورچی خانوں اور احاطوں کااہتمام کیا جائے گا تاہم اس قبل صوبائی وزیر بذات خود کراچی میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تنظیمی ڈھانچے کا معائنہ کریں گے۔اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر وبیت المال پنجاب ہارون رفیق،ڈائریکٹر پروگرامز ارشاد وحید کے علاوہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ممبران عبدالجبار کریم،محمد سہیل پنجوانی اور ٹرسٹی محمد مجاہد بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :