موٹر وے پاکستان کا قیمتی اثاثہ ، پچھلے 10 سال کے دورا ن اس کی مرمت پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی، میاں عرفان دولتانہ

بدھ 10 فروری 2016 13:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ موٹر وے پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، پچھلے 10 سال کے دوران لاہور ۔ اسلام آباد موٹر وے کی مرمت کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی۔ اب ہم نے اس پر کام شروع کرا دیا ہے۔ فیصل آباد ۔ ملتان موٹر وے کی تعمیر سے ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات باآسانی کراچی پہنچائی جا سکیں گی۔

موٹر ویز اور سڑکوں کے نیٹ ورک سے پاکستان ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ ۔ شورکوٹ موٹر وے سیکشن پر لاگت کا تخمینہ 21 ارب روپے لگایا گیا تھا لیکن شفافیت اور انتہائی مسابقت کے ذریعے 4 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے اور اب یہ منصوبہ 17 ارب روپے میں مکمل ہوگا۔ ایمانداری اور شفافیت سے کام کیا جائے تو قوم کی رقم بچائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے 3 منصوبوں میں اسی طرح 110 ارب روپے کی بچت کی ہے جو کوئی معمولی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے لوگوں کے دل ملتے ہیں اور جب لوگ قریب آئیں گے تو محبتیں بڑھیں گی اور نفرتیں کم ہوں گی۔ دوریاں ختم ہونے سے ملک میں خوشحالی آئے گی، بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، مجموعی ملکی پیداوار کی شرح میں اضافہ ہوگا اور برآمدات بھی بڑھائی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں لیکن ہم انتہائی دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ وسائل خرچ کر رہے ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم نے وافر وسائل فراہم کئے ہیں، وزیرستان کے متاثرین کو اپنے گھروں میں واپس بحال کیا ہے۔ زلزلہ متاثرین کی بھی مدد کی جا رہی ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے موجودہ حکومت نے 341 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جبکہ گنے اور کپاس کے کاشتکاروں کے نقصان کے ازالہ کے لئے 40 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو زرعی شعبہ ترقی کرے گا۔

پاکستان کو بجلی کی قلت کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لئے نئے بجلی گھر لگائے جا رہے ہیں اور 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔ موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجہ میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں واضح کمی آئی ہے حالانکہ اس سے پہلے 18، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے ایجنڈے کی ہر کسی کو حمایت کرنی چاہئے۔ ہمارے ہمسایہ ممالک جو پہلے ہمارے برابر ہوا کرتے تھے، آج ہم سے کئی گنا آگے بڑھ گئے ہیں

متعلقہ عنوان :