ننکانہ صاحب،دھند کے باعث ایل پی جی سے بھرا ٹینکر کار سے ٹکرا گیا،12 افراد جھلس کر جاں بحق

بدھ 10 فروری 2016 11:24

ننکانہ صاحب،دھند کے باعث ایل پی جی سے بھرا ٹینکر کار سے ٹکرا گیا،12 افراد ..

ننکانہ صاحب /لاہور /شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء ) ننکانہ صاحب میں ماناوالا روڈ پردھند کے باعث ایل پی جی سے بھرا ٹینکر سڑک پر مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گیا ، تصادم کی وجہ سے ٹینکر میں دھماکے سے آگ لگ گئی، ٹریفک حادثے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کی زد میں آ کر12 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ حادثے اور دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ، لاشوں اور زخمیوں کو ننکانہ صاحب کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ، وزیراِعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی،سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے ٹریفک حادثے میں ہونیوالی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو پولیس کے مطابق ننکانہ صاحب میں مانا نوالہ میں کوٹ وار کے قریب ایل پی جی ٹینکر دھند کے باعث مخالف سمت سے آتی کار سے ٹکرا گیا جس سے فوراً آگ بھڑک اٹھی، آگ نے مزید 2 گاڑیوں، 2 رکشوں اور قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جھلس کر جاں بحق جب کہ 15زخمی ہو گئے۔امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی صبح ننکانہ صاحب کے قریب ماناوالا روڈ پر پیش آیا۔

ریسکیو 1122 شیخوپورہ کے انچارج ڈاکٹر اعظم نے بتایا ہے کہ ایل پی جی سے بھرا ایک ٹینکر سڑک پر مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرایا تو تصادم کی وجہ سے ٹینکر میں دھماکے سے آگ لگ گئی۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس آگ نے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کے لیے قریبی علاقوں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کی گئی ۔

حادثے اور دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ننکانہ صاحب کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر کا ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھا اور یوٹرن کے قریب کار کو ٹکر مار دی ، اس سے زور دار دھماکہ ہوا اور ٹینکر میں آگ لگ گئی جس نے قریب سے گزرنے والے سکول کے دو رکشوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مرنے والوں میں ولید ، حمزہ حماد ، شازیہ فاروق ، اور امجد علی کے نام شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے 50 فیصد سے زائد جسم جھلس چکے ہیں ۔پنجاب کے وزیراِعلیٰ نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :