دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اسکول سیفٹی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے،تاکہ طالب علموں اور اساتذہ کو کسی بھی ایمرجنسی یا دہشت گردی کی صورت میں محفوظ رکھاجاسکے

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی وفد سے گفتگو

منگل 9 فروری 2016 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اسکول سیفٹی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طالب علموں اور اساتذہ کو کسی بھی ایمرجنسی یا دہشت گردی کی صورت میں محفوظ رکھاجاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاکستان ہلال احمر سندھ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا،جس کی قیادت چیئر پرسن فرزانہ نائیک کررہی تھیں، گورنر سندھ نے کہا کہ خصوصاً زیادہ انرولمنٹ والے اسکولوں میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی ، داخلی اور خارجی راستوں کی نشاندہی ، طالب علموں کے اخراج کے طریقہ کار پر مبنی حکمت عملی کا منصوبہ ہر اسکول میں موجود ہونا چاہئے تاکہ کسی حادثاتی صورتحال میں جانی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طالب علموں اور اساتذہ کو ایمرجنسی یا دہشت گردی کی صورت میں فوری اقدامات کی تربیت دینا ضروری ہے تاکہ وہ ایسی صورت میں ان پر عمل کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمرکی جانب سے کراچی میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا قیام نہایت اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس کے تحت کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جاسکے گی ۔

گورنر سندھ نے کہاہے کہ صحت کے شعبہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں صوبہ میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً دو ر دراز علاقوں میں جہاں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات حاصل نہیں اور وہاں سرکاری شعبہ کی کوئی سہولت میسر نہیں ان علاقوں میں غیر سرکاری سماجی بھلائی کی تنظیمیں قابل ذکر کام کررہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں کے دوران صوبائی محکمہ صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور نئے مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ ان میں ماہر ڈاکٹروں ، نیم طبی عملہ اور درکار آلات و مشینری کی سہولیات بھی فراہم کی گئی تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جاسکیں۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں ہلال احمر کے ماں و بچہ سینٹر میں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہلال احمر ایک انتہائی اہم ادارہ ہے جس نے ہر ایمر جنسی میں شہریوں کو مدد فراہم کی ہے۔ہلال احمر کی چیئر پرسن فرزانہ نائیک نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کے ادارے کی جانب سے اسکول سیفٹی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 200 اسکولوں کو کسی حادثے یا دہشت گردی کی صورت میں اقدامات کرنے کی تربیت فراہم کی جائے گی یہ پروگرام دسمبر 2017 ء تک جاری رہے گا، انہوں نے ہلال احمر کو درپیش دیگر مسائل سے بھی گورنر سندھ کو آگاہ کیا،اس موقع پر گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :