Live Updates

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت دُہرے معیار کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے،زاہد خان

ڈاکٹروں کی ہڑتال سے پیدا شدہ عوامی مشکلات کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے، رہنماء اے این پی

منگل 9 فروری 2016 20:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے خیبر پختون خوا میں ہڑتالی ڈاکٹروں کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کو پی ٹی آئی کادہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے دور وز قبل بلوچستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ کی مخالفت کی ا ور اگلے روز صوبہ خیبر پختون خواہ میں ہسپتالوں کے عملے کیلئے لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

زاہد خان نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال سے عوام کی مشکلات کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے۔غریب مریض پرائیویٹ ہسپتالوں سے علاج نہیں کرا سکتے۔بڑے سرکاری ہسپتالوں سے غریبوں کے علاج کی سستی سہولت چھین کر صحت کو بھی ٹھیکیداری نظام پر دینے سے پی ٹی آئی کی تبدیلی کا چہرہ سامنے آگیا ہے۔زاہد خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں ہر گھر دہشت گردی سے متاثرہوا ہے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں سے سستی صحت کی سرکاری سہولت واپس لینا عوام دشمنی ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں آئی ڈی پیز کے ساتھ بھی ذیادتی اور ظلم ہے ۔ صوبہ خیبر پختون خواہ کے ڈاکٹروں کے جائز مطالبات اور مریضوں کی مشکلات کے خاتمے کیلئے اے این پی عوامی طبقات کے ساتھ ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات