دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے باہر نکال کر حکومت کی رٹ بحال کردی ہے‘ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے عوام کے عزم و جرات کی بدولت دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل کر تنہا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکالنے اور ریاست کی بالادستی قائم کرنے کے بعد بے گھر افراد کی آبادکاری مشکل مرحلہ ہے- چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا پشاور میں اجلاس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 9 فروری 2016 18:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 09 فروری۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے باہر نکال کر حکومت کی رٹ بحال کردی ہے۔ اس وقت آپریشن ضرب عضب کے انتہائی مشکل مرحلے سے گذر رہے ہیں جو متاثرہ علاقوں کی بحالی اور لوگوں کی دوبارہ آباد کاری پر مشتمل ہے۔ خیبرپختون خوا اور فاٹا کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ہوا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ، کور کمانڈر پشاورو دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فوجی آپریشن اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز میں پیش رفت اور عارضی بے گھر افراد کی واپسی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے عوام کے عزم و جرات کی بدولت دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل کر تنہا کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکالنے اور ریاست کی بالادستی قائم کرنے کے بعد اب آپریشن کے سب سے مشکل مرحلے سے گذر رہے ہیں۔ یہ مرحلہ جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ، بے گھر افراد کی دوبارہ آبادکاری، مقامی افراد کی ضرورتوں اور خواہشات کے مطابق انتظامی سسٹم کے قیام کا مرحلہ ہے۔ اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ مل کر یقینی بنائیں گے کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار کبھی دوبارہ ان علاقوں میں واپس نہ آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی تعمیر نو اور سماجی معاشی ڈھانچے کی بحالی کا وعدہ پورا کریں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ دوبارہ آباد کاری کا عمل تیز کریں اور اس راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے کام بروقت مکمل کیا جائے۔ اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں پاک فوج کی حمایت پر گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی تعریف کی۔آرمی چیف نے کہا کہ ریاست کی رٹ کی بحالی کے بعد اہم کام آئی ڈی پیز کی واپسی کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں انفرا اسٹرکچر اور سول نظام کی بحالی ہے،گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا جبکہ آرمی چیف راحیل شریف نے فوج کی حمایت پر دونوں شخصیات کی تعریف کی۔