لاہور میں گیس کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ، مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے

اتفاق کالونی ،سبزہ زار اور شیرا کوٹ کے رہائشیوں کا بند روڈ شیراکو ٹ کو بلا ک کرکے شدید احتجاج ، حکومت کے خلاف نعرے بازی

منگل 9 فروری 2016 18:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) لاہور میں گیس کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ، مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی ، احتجاج کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔شہریوں کی جانب سے آئے روز احتجاج بھی ان کے درد کا مداوا نہ کر سکے۔گزشتہ روز گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائے جانے پر اتفاق کالونی ،سبزہ زار اور شیرا کوٹ کے رہائشیوں نے بند روڈ شیراکو ٹ کو بلا ک کرکے حکومت کے خلاف شد ید نعرے بازی کی ۔

(جاری ہے)

احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک ہو گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث مہنگے داموں لکڑی خرید کر استعمال کر رہے ہیں اور ستم یہ ہے کہ گیس آئے نہ آئے شہریوں کو ہزاروں روپو ں کا بل باقاعدگی سے بھیج دیا جا تا ہے۔بنیا دی سہولیات سے محروم شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو مسائل سے نکالنے کے دعوے کرنے والے الیکشن کے بعد حال تک نہیں پوچھتے جبکہ سردیوں میں گیس نہیں تو گرمیوں میں بجلی اور پانی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ایوان اقتدار کی اولین ترجیح ہونی چاہیے جس کے لیے جامع اور ٹھوس منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔