خیبرپختونخوا حکومت کے لگائے گئے کروڑوں درخت آئندہ نسلوں کو سیلاب اور خشک سالی سے محفوظ بنائیں گے ، وزیر اطلاعات اطمینان رکھیں، پہاڑوں کا "گنجا پن" جلد ختم کر لیں گے ، وہ نہیں چاہتے کہ کروڑوں شہریوں کو سانس لینے کیلئے تازہ آکسیجن میسر آسکے

تحریک انصاف کے ترجمان کا وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل کااظہار

منگل 9 فروری 2016 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے کروڑوں درخت آئندہ نسلوں کو سیلاب اور خشک سالی سے محفوظ بنائیں گے ، وفاقی وزیر اطلاعات اطمینان رکھیں، پہاڑوں کا "گنجا پن" جلد ختم کر لیں گے ۔پرویز رشید نہیں چاہتے کہ کرڑوں شہریوں کو سانس لینے کیلئے تازہ آکسیجن میسر آسکے ۔

منگل کو وفاقی وزیر اطلات پرویز رشیدکی کوہاٹ میں پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ پرویز رشید کی وفاقی حکومت سالانہ لاکھوں قیمتی درخت ذبح کر کے سیمنٹ اور سریے کے جنگلات اگا رہی ہے ۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے کروڑوں درخت آئندہ نسلوں کو سیلاب اور خشک سالی سے محفوظ بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کی جماعت کی جانب سے شروع کئے گئے بیشتر منصوبے ماحول کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں ۔: پختونخوا حکومت کی "ارب درخت مہم" کو عالمی سطح پر پذیرائی کی جارہی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پرویز رشید پختونخوا میں شجر کاری پر بلاجواز تنقید کی بجائے چھانگا مانگا, کندیاں اور چیچہ وطنی میں کاٹے گئے جنگلات کو آباد کاری کی فکر کریں اور اپنی جماعت کے صوبائی ڈپٹی سپیکر اور دیگر رہنماؤں کے قبضے سے جنگلات کی اراضی بھی واگزار کروائیں