وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر کاپلندری میں 12 کلو میٹرطویل نکر مرُشد آبا دسٹرک کی تعمیر کا افتتاح

منگل 9 فروری 2016 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے آزادکشمیر کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے وسائل مختص کیے ہیں ۔اُنہوں نے یہ بات پیرکو پلندری میں 12کلومیٹر طویل نکرمرشد آباد روڈ کی تعمیری کام کا افتتاح کر تے ہوئے کہی۔

نکر مُرشد آباد سڑک کی کل لمبائی 12کلومیٹر ہے اور اس پر تقریباً 10کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔بریفینگ کے دوران متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر کاکام دو سال کے عرصے میں مکمل ہو جائے گا اور اس سٹرک کی تعمیر سے تقریباً 30ہزار کی آبادی کو فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تعلیمی درس گاہ،علاؤ الدین اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کو بھی اس سٹرک کی تعمیر سے بے پناہ فائد ہ ہو گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ سٹرک کی تعمیر سے متعلق شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس کی تعمیر میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اور یہ کہ سڑک کی تعمیرمیں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مقامی آبادی کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے اور خصوصی طورپر انفراسٹرکچر کی تعمیر وترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اور میگا پروجیکٹس کے علاوہ چھوٹے منصوبوں پر بھر پور کام کیاجائے گا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر پرویزرشید اوروزیر اعظم کے خصوصی معاون آصف کرمانی کے ہمراہ سر سید پونچھ کرنل خان محمد خان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔