وزیراعلیٰ پنجاب سے ناروے کے سفیرکی ملاقات،دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، محمد شہباز شریف

پیر 8 فروری 2016 22:53

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پیر کے روزیہاں ناروے کے سفیر ٹورے نیڈریبو نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

پاکستان اورناروے کے درمیان معاشی وتجارتی تعاون کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اوردونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروے کاپاکستان میں صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ناروے کے سرمایہ کار ہائیڈرو پراجیکٹس، زراعت، ڈیری فارمنگ اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گا ر ماحول پیدا کیا ہے ۔سرمایہ کاروں کو انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ناروے کے سرمایہ کارپنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ناروے میں اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔ اوورسیز پاکستانی ناروے کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ناروے کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے۔