ویلج کونسل دبن کے دفتر کا معاملہ پیچیدہ ہونے سے علاقہ میں اشتعال پھیل گیا

پیر 8 فروری 2016 22:47

ایبٹ آباد۔ 8 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) ویلج کونسل دبن کے دفتر کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا، ویلج کونسل دبن کے دفتر کی منتقلی سے پوری ویلج کونسل میں شدید اشتعال پھیل گیا ہے، رہائشی مکان میں دفتر کھلوانے پر ملحقہ رہائشی شخص سراپا احتجاج بن گیا، دفتر میرے گھر کے صحن اور ملحقہ کمرے میں کھلنے سے میرے گھر کا پردہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار دبن کے رہائشی قاضی محمد ندیم ولد مولوی محمد یونس نے پریس کلب میں صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ قاضی ندیم کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی قاضی محمد نعیم نے میرے زیر تعمیر گھر سے ملحقہ دو کمرے ویلج کونسل کے دفتر کیلئے دیئے ہیں جو رہائشی ہیں، میرا اور ان کمروں کا ایک صحن ہے اور اس صحن میں میرا کچن ہے، دفتر کے قیام سے میرے گھر کا پردہ متاثر ہو گا اور میری فیملی اس گھر میں رہائش نہیں اختیار کر سکے گی، ممبر ضلع کونسل ظہیر عباس کے غلط سروے کروا کر ویلج کونسل کا دفتر غلط جگہ پر رکھوا دیا ہے، ناظم محمد اشرف کی ایماء پر علاقہ کے عوام کی خواہشات کے بالکل برعکس ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر فیصلے پر پورے علاقہ کی عوام میں شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ناظم اشرف کو اس جگہ پر دفتر منتقل کرنے سے منع کیا گیا مگر اسسٹنٹ کمشنر اور اے ڈی لوکل گورنمنٹ کے کہنے کے باوجود انتظامیہ کے احکامات کو جوتے کی نوک پر رکھ دیا گیا ہے اور وہ من مرضی کر رہے ہیں۔