نئے یونیورسٹی ایکٹ کی منظوری سے 9 یونیورسٹیوں میں مستقل وی سی تعینات کئے جائیں گے،

پی کے44- میں اربوں روپے کے منصوبے جلد مکمل ہوں گے، سوزوکی سٹینڈ کی جگہ ملٹی سٹوری پلازہ تعمیر کریں گے‘ مشتاق غنی

پیر 8 فروری 2016 22:47

ایبٹ آباد۔ 8 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات و ہائر ایجوکیشن مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ نیا یونیورسٹی ایکٹ منظوری کیلئے گورنر کو بھجوا دیا ہے جس کی منظوری کے بعد صوبہ کی 9 یونیورسٹیوں میں ایکٹنگ وی سی ہٹا کر مستقل وی سی تعینات کئے جائیں گے، آسٹریا کی مختلف یونیورسٹی کے ساتھ مشترکہ تعلیمی منصوبوں کیلئے ایم او یو مارچ کے آخر تک سائن ہو جائیں گے، پی کے44- میں اربوں روپے کے منصوبے آئندہ کچھ عرصہ میں مکمل ہوں گے، پی کے44- میں 40 کلو میٹر سڑکیں بنانے کی منظوری، کیہال سمیت 15 وارڈوں میں 12 کروڑ روپے کی واٹر سپلائی کی مد میں پرانے پائپوں کی جگہ نئے پائپ لگا دیئے گئے ہیں، 12 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کے کام مکمل ہو چکے ہیں، 95 کروڑ روپے گریویٹی فلو سکیم کی اپ لفٹنگ سمیت شہر کی خوبصورتی کیلئے متعدد منصوبے مکمل کئے جائیں گے، مری سڑک ٹھنڈیانی چوک کی بجائے اب ہرنو تک دو رویہ ہو گی، دھمتوڑ بائی پاس کے علاوہ شہر کے تمام نالوں کی کشادگی اور پختگی کا پی سی ون تیاری کے مراحل میں ہے، ہزارہ کے اخبارات کا حق ملے گا، تمام اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی سمیت صحافیوں کے علاج معالجہ کیلئے فنڈز میں اضافہ کر دیا گیا ہے، پریس کلب کیلئے اعلان کردہ 50 لاکھ فنڈ کا چیک بھی جلد پریس کلب کو دیدیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ ایبٹ آباد پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ مشتاق احمد غنی نے اپنے دورہ آسٹریا کے حوالہ سے بھی بتایا کہ یہ دورہ صوبہ میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے یورپی ممالک کے تعلیمی نظام کو دیکھتے ہی ان کے تجربہ سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے تھا، ہمارا تعلیمی معیار بدقسمتی سے ایسا ہے کہ ہماری یونیورسٹیاں صرف ڈگریاں دینے تک محدود رہیں، سوائے بے روزگاروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی ہیں، ہری پور یونیورسٹی میں مختلف شعبہ جات کے ساتھ آسٹریا کی مختلف یونیورسٹی کے ساتھ ملکر تعلیمی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دورہ آسٹریا کے دوران اعلیٰ سطحیٰ وفد نے اس ضمن میں نہایت اہم کام کیا اور اسی کے تسلسل میں مارچ کے آخر تک آسٹریا کی یونیورسٹیوں کے ساتھ ہمارا ایم او یو سائن ہو جائے گا۔ ایبٹ آباد شہر کی خوبصورتی کیلئے جاری اور آئندہ منصوبوں کیلئے انہوں نے مزید کہا کہ سوزوکی سٹینڈ کی جگہ پر ملٹی سٹوری پلازہ تعمیر کر کے بالائی منزل پر ریڑھیوں اور تھڑوں کے علاوہ لنڈا بازار کے کیبن شفٹ کئے جائیں گے جس کے بعد شہر میں کسی کو بھی ریڑھی لگانے کی اجازت نہیں ہو گی، ہری پور سٹینڈ والی جگہ پر بھی پلازہ تعمیر کر کے انڈر گراؤنڈ پارکنگ اور بالائی منزل پر فوڈ سٹریٹ قائم ہو گی، اسی طرح فوارہ چوک سے میر پور تک سڑک کی ری ڈیزائنگ کیلئے گورنر سردار مہتاب سے بات ہو چکی ہے اور این ایچ اے کے حکام کے ساتھ جلد وزیر اعلیٰ ہاؤس میں میٹنگ بھی ہو گی، اگر آئندہ سال جون تک حویلیاں سے آگے موٹر وے کا کام کا آغاز ہوا تو اس کے ساتھ لنک روڈ بنا کر اسے بائی پاس کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا، فوارہ چوک میں بھی انڈر پاس کی تعمیر زیر تجویز ہے اور شہر میں دیگر مقامات پر انڈر پاس بنانے کی بھی بات جاری ہے، بذریعہ گورنر این ایچ اے حکام سے اس ضمن میں میٹنگ ہو چکی ہے، مری روڈ دو رویہ کرنے کا منصوبہ اب ہرنو تک لیکر جائیں گے، دھمتوڑ بائی پاس بھی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی کے 44- کے اندر 40 کلو میٹر سڑکوں کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے جن کے بہت جلد ٹینڈر ہو جائیں گے، شیخ البانڈی سے فرید الله مچھلی فروش تک بائی پاس کے علاوہ دھمتوڑ، بلولیا، کاکول، نواں شہر، شملہ پہاڑی، اسپدار سمیت پورے حلقہ میں سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے، 12 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کے علاوہ کیہال میں پرانے بوسیدہ پائپوں کی جگہ نئی پائپ لائن سو کروڑ روپے لاگت سے وارڈ ون سے وارڈ پندرہ تک مکمل ہو چکی ہے، 95 کروڑ روپے کی لاگت سے گریوٹی فلو سکیم کی اپ گریڈیشن کر کے بیرن گلی کا سورس بھی شامل کیا جائے گا، شہر کے تمام نالہ جات کی کشادگی اور پختگی کیلئے پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے جس سے نالوں کی بندش کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے نجات ملے گی۔