پیشہ ورانہ تربیت سے لیس ریسکیورز ہی بہتر انداز میں ایمرجنسی منیجمنٹ کرسکتے ہیں‘ ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر(ر) امیر حمزہ

پیر 8 فروری 2016 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) ڈ ائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی(ریسکیو1122) بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے زیرتربیت کیڈٹس سے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ جدید خطوط پر استوار تربیت سے لیس ریسکیورز ہی بہتر انداز میں ایمرجنسی منیجمنٹ کرسکتے ہیں۔ گزشتہ روز رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد اور دیگر افسران کے ہمراہ ریسکیو کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر امیر حمزہ نے کہا کہ ٹریننگ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مشہور امریکی باکسر محمد علی کلے کی ٹریننگ کے متعلق دیے گئے بیان کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد علی کے مطابق ــ’’مجھے شروع میں ٹریننگ انتہائی ناگوار گزرتی تھی لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری ۔

(جاری ہے)

میں نے سوچا ابھی برداشت کرو اور باقی زندگی ایک چیمپئن کی طرح گزارو‘‘۔ ڈائریکٹر جنرل نے ریسکیوکیڈٹس پر زور دیا کہ وہ بھی تربیتی مراحل سے نہ گھبرائیں کیونکہ ابھی بہایا گیا پسینہ آئندہ زندگیاں محفوظ کرنے کے کام آئے گا اور تب آپ لوگ معاشرے کے محافظ بن کر ایک ہیرو کی صورت میں ابھریں گے۔

انہوں نے کہاخود اعتمادی ڈسپلن اور ٹریننگ سے آتی ہے ،اگر یہ دونوں چیزیں آپ نے سیکھ لیں تو کل کوئی انگلی نہیں اٹھاسکے گا ، اسی لیے ڈسپلن اور بہترپیشہ ورانہ تربیت پر کسی طور سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ وہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں جاری تربیتی کورسز کو بین الاقوامی ایمرجنسی تربیتی کورسز کے مطابق ہم آہنگ کریں گے اوریہ مقصد بین الاقوامی معیار کی تربیت کی فراہمی سے ہی حاصل ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :