وفاقی حکومت پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر مزید کمی کا اعلان کرے ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

پیر 8 فروری 2016 21:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 فروری۔2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں موجودہ کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر جس طرح پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہوچکی ہے اس تناظر میں ملک کے اندر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی عوام کو ریلیف نہ دینے کے برابر ہے ۔

لہٰذا ضروری ہے کہ وفاقی حکومت حقائق کا ادراک کرتے ہوئے عوام کو حقیقی بنیادوں پر ریلیف دینے کیلئے پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر مزید کمی کا اعلان کرے ۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں پہلے سے ہونیوالی کمی کا فائدہ اور اس کے مثبت اثرات عوام تک نہیں پہنچے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مجموعی طور پر مہنگائی میں بھی کمی ہوتی لیکن ریلوے ، ہوائی جہازوں ، پبلک ٹرانسپورٹ سمیت زندگی کے کسی بھی شعبے میں کرایوں سمیت قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اور اس کے متعلقہ تمام اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ہر شعبہ زندگی کے کرایوں اور قیمتوں کا از سر نوجائزہ لیا جاتا اور اس میں کمی کرکے عوام کو حقیقی معنوں مین ریلیف دیا جاتا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام عوام پہلے سے بلواسطہ اور بلا واسطہ مختلف ٹیکسوں کی زد میں ہے جبکہ کچھ عرصہ قبل نئے ٹیکسوں کے نافذ ہونے سے عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا ہے لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بین الاقوامی سطح پر تاریخی کمی کے باوجود ملک کے اندر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں موجودہ کمی کو ملک کے تمام عوام کیلئے قابل قبول نہیں اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے اقدامات متاثر کن نہیں بلکہ قابل افسوس ہے ۔

لہٰذا ضروری ہے کہ وفاقی حکومت اور اس کے متعلقہ ادارے عوام کو حقیقی ریلیف دینے اور مہنگائی میں کمی لانے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے اور ریلوے ، ہوائی جہازوں ، تمام پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کمی ، اشیاء خوردنوش سمیت زندگی کے بنیادی ضروریات کی مختلف اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :