راولپنڈی،مسلم لیگ ن کی 3 رکنی کمیٹی نے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے لیے انٹرویوز مکمل کر لئے

انٹر ویوز دینے والے پانچ امیدواروں میں سردار نسیم اور شیخ ارسلان مضبوط ترین امیدوار ہیں،ذرائع

پیر 8 فروری 2016 21:06

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 فروری۔2016ء) مسلم لیگ ن کی تین رکنی کمیٹی نے راولپنڈی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے لیے انٹرویوز مکمل کر لئے ۔تین رکنی کمیٹی میں رکن قومی اسمبلی سعود عزیز ،عبدالسمیع اور رکن پنجاب اسمبلی منشاء بٹ شامل تھے ۔باخبرذرائع کے مطابق مئیر کے لیے انٹر ویوز دینے والے پانچ امیدواروں میں سردار نسیم اور شیخ ارسلان مضبوط ترین امیدواران ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی مئیرز کے لیے بارہ امیدواروں نے انٹرویوز دئیے جن میں سے خالد سعید بٹ ،عابد عباسی اور راجہ بشارت مضبوط ترین امیدواران خیال کئے جاتے ہیں ۔اس حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ امیدواروں سے ان کی پارٹی وابستگی کے بارے میں سوالات کئے گئے کہ وہ کب سے مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں ،اس کے علاوہ امیدواروں سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ان کے خلاف کسی قسم کے مقدمات تو نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جب نمائندے نے ڈپٹی مئیر کے لیے مضبوط امیداوار خالد سعید بٹ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے مرکزی قائدین نے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے ۔انہوں نے اس حوالے سے بتایا کہ وہ 1991 سے مسلم لیگ ن کے کارکن کی حیثیت سے میدان میں ہیں جبکہ انہیں ایک مرتبہ ڈپٹی مئیر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور ہم اپنے قائدین وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور قائد پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے ساتھ ایک کارکن کے طور پر ہیں ہمیں جو بھی ذمہ داری دی جائیگی ہم وہ ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین جو بھی فیصلہ کریں گے اس پر مسلم لیگ ن کا ہر فرد آمین کہے گا ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی میاں محمد نواز شریف اور میاں محمدشہباز شریف کے چاہنے والوں کا گڑھ ہے اور ان کی قیادت میں توانا پاکستان کا خواب پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔

متعلقہ عنوان :