خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت موسمی بیماریوں اورایچ ون این ون سیزنل انفلیونزا کی روک تھام بارے اجلاس

پیر 8 فروری 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں موسمی بیماریوں اورایچ ون این ون سیزنل انفلیونزا کی روک تھام اور علاج بارے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری محکمہ خزانہ چوہدری عثمان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین شاہ ، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ڈین پروفیسر معاذ احمد ، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر حبیب الرحمن نے شرکت کی -اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشہ 48 گھنٹوں کے دوران سیزنل انفلیوئزا کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا اور بیماری میں نمایاں طور پر کمی واقع ہو گئی ہے - اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت پنجاب نے ایچ آئی این آئی انفلیونزا کے علاج میں استعمال ہونے والی ٹامی فیلو کیپسول کا نیا سٹاک 72 ہزار 500 کیپسول خرید لئے ہیں جو 2019تک قابل استعمال ہونگے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت پنجاب نے پورے سال کا ڈیزیز کیلنڈر تیار کر لیا ہے اور جس بیماری کا سیزن ہو گا اس کے بارے قبل ازوقت عوامی آگاہی کے لئے میڈیا کے ذریعے تشہیر شروع کر دی جائے گی اور سوشل میڈیا اور ایس ایم ایس کے ذریعے سرکاری ونجی ڈاکٹرز کو ڈیزیز الرٹ اور گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ محکمہ صحت بچوں کواسہال کی بیماری سے بچانے کے لئے جی اے وی آئی کے تعاون سے بہت جلد روٹا وائرس کی ویکسین بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ای پی آئی میں متعارف کروارہا ہے اور پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت علاج کے ساتھ بیماریوں کی روک تھامکے ایک جامع پروگرام پر عملدرآمد کررہی ہے تاکہ معاشرے کو بیماریوں سے پاک کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کمیونٹی کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔