سیکرٹری ہیلتھ کا فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ

موجودہ عمارت کا چھ ماہ میں سول ورک مکمل کر کے فنکشنل کرنے کے اقدامات کی ہدایت وسیع و عریض عمارت میں بیک وقت میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے کیمپس قائم کئے جا سکتے ہیں‘نجم احمد شاہ

پیر 8 فروری 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ہدایت کی ہے کہ فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کی زیر تعمیر موجودہ عمارت کا چھ ماہ کے اندر سول ورکس مکمل کر کے اسے فنکشنل کرنے کے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں - انہوں نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ کی وسیع و عریض عمارت سے بھر پور استفادہ کے لئے ایک ہفتے کے اندر مختلف آپشنز پر مبنی سفارشات پیش کی جائیں - انہوں نے یہ بات سوموار کے دن فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹاؤن کی زیر تعمیر عمارت کے دورہ کے موقع پر کہی - اس موقع پر پرنسپل ڈینٹل پروفیسروحید الحمید ، چیف انجینئر بلڈنگ طارق چوہدری ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران بھی موجود تھے - اس موقع پر سیکرٹری صحت کو انسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی - انہیں بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کا انفراسٹرکچر تیار ہوچکا ہے جس میں کچھ سول ورکس اور فنشنگ کا کام باقی ہے اور اس کا کورڈ ایریا 2 لاکھ 25 ہزار مربع فٹ ہے - سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ اتنی وسیع و عریض عمارت سے بھرپور استفادہ کے لئے ایک ہفتہ کے اندر مختلف آپشنز پر مبنی تجاویز پیش کی جائیں ، بجلی ، پانی ، سیوریج اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں -انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی عمارت میں ڈینٹل کالج کے علاوہ امیر الدین میڈیکل کالج کے کیمپس بنائے جا سکتے ہیں کیونکہ ابھی تک امیر الدین میڈیکل کالج کی عمارت نہیں ہے - علاوہ ازیں انسٹی ٹیوٹ کو علامہ اقبال میڈیکل کالج کے ساتھ منسلک کر کے ڈینٹل کے طلبہ کا کیمپس بھی بنایا جا سکتا ہے - نجم احمد شاہ نے کہا کہ اس قیمتی عمارت کا بہترین طریقہ پر استعمال میں لانے کے لئے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا - سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ موجودہ عمارت کو مکمل کر نے اور اسے فنکشنل کرنے کے لئے حکومت فنڈز فراہم کرے گی تاہم بلڈنگ کے ریشنل استعمال کو یقینی بنایا جائے گا -