نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کاروائی ، اسلحہ مرمت کی آڑ میں اسلحہ کے پارٹس تیار کر نے والاکارخانہ پکڑا گیا

کارخانے سے اسلحہ کے مختلف تیار شدہ پارٹس ،بھاری مقدار میں بال بیرنگ ، شرے اور آتشیں ہتھیار بنانے کا سامان برآمد کر لیا لاہور سمیت مختلف شہروں میں اسلحہ ڈیلروں اورجرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کو سپلائی کرنے والے کارخانے کے مالک نذیر احمد صابری اور اسکے سگے بھائی محمد آصف صابری کو گرفتار کرلیا گیا‘ سی سی پی او امین وینس کی بریفنگ

پیر 8 فروری 2016 20:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں کے دوران نولکھا پولیس نے اسلحہ مرمت کی آڑ میں اسلحہ کے پارٹس تیار کر کے لاہور سمیت مختلف شہروں میں اسلحہ ڈیلروں اورجرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کو سپلائی کرنے والے صابری ملز اینڈ سپرنگ سٹور کارخانہ کے مالک نذیر احمد صابری اور اس کے سگے بھائی محمد آصف صابری کو گرفتار کر کے کارخانے سے اسلحہ کے مختلف تیار شدہ پارٹس جنہیں باآسانی ہتھیار کی شکل دی جاسکتی ہے اور بھاری مقدار میں بال بیرنگ ، شرے اور آتشیں ہتھیار بنانے کا سامان برآمد کر لیا ۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صابری ملزاینڈ سپرنگ سٹور کے نام سے ریلوے روڈ پر قائم اسلحہ کے کارخانے پر کارروائی ٹرپل ون سسٹم یعنی ون مین ، ون منتھ ، ون انفارمیشن نظام کے تحت موصول ہونے والی اطلاع پر کئی دن کی ریکی کے بعد کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے پاس اسلحہ کی مرمت کا لائسنس ہے اوریہ بھی زائد المیعاد ہے جبکہ ملزمان اسلحہ مرمت کی آڑمیں آتشیں اسلحہ اوراس کے پارٹس تیار کر کے لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں فروخت و سپلائی کرنے کے کام میں ملوث تھے۔

سی سی پی او نے مزیدبتایا کہ ملزمان نے آتشیں اسلحہ کے پرزہ جات اور آتشیں اسلحہ تیار کرنے کے لئے مختلف اسلحہ ڈیلروں سے بھی سامان خریدنے کا انکشاف کیا ہے ۔ ملزمان جہاں جہاں سے مال لتیے اور جنہیں فروخت کرتے ان سب کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز ، ایس ایس پی سی آئی اے اور ڈی ایس پی نولکھا مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے آتشیں اسلحہ اوراس کے پرزہ جات کی تیاری اور فروخت میں ملوث منظم اور بڑے ریکٹ کو گرفتار کر کے قابل ستائش کام کیا ہے ۔

کالعدم تنظیموں کو اسلحہ فراہم کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سی سی پی او نے کہا کہ ملزم کہاں کہاں اسلحہ سپلائی کرتے تھے کون کون سے شہر بھیجتے تھے یہ بات تفتیش کے بعد سامنے آئی گی لیکن یہ بات تو طے ہے کہ اسلحہ شرفاء نہیں سماج دشمن عناصر کو ہی سپلائی کی جاتا تھا ۔ صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اسلحہ اور اس کے پارٹس کی برآمد گی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کارخانہ 3 منزلوں پر مشتمل ہے اور پوری عمار ت غیرقانونی اسلحے اور اس کے پرزہ جات سے بھری ہوئی ہے اس لئے کارخانے کو سیل کر کے برآمدگی تفصیلات تسلی اکٹھی کی جائیں گی جنہیں میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک ،ایس پی سٹی محمد نوید اور ڈی ایس پی نولکھا ناصرحنیف خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :