سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ ختم نہ ہو سکا ، مختلف علاقوں میں بڑی گاڑیوں کے غیر قانونی پارکنگ ایریا قائم

شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

پیر 8 فروری 2016 20:17

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء)سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ ختم نہ ہو سکا ، شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی گاڑیوں کے غیر قانونی پارکنگ ایریا قائم ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، تفصیلات کے مطابق سکھر جیسے سندھ کا تیسرا بڑا شہر کہا جا تا ہے کاروباری لحاظ سے اس کی بہت بڑی اہمیت ہے تاہم گذشتہ دو سالوں سے سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ انتہائی خراب صورتحال اختیار کر چکا ہے شہر سے ٹریفک جام کے مسئلے کے خاتمے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ وقتاً وقتاً آپریشن کرتی ہوئی نظر آتی ہے لیکن یہ آپریشن بھی بے سود ثابت ہوئے ہیں جس کے بعد شہر سے ٹریفک جام کے خاتمے اور غیر قانونی تجاوزات کو ختم کرانے کا ٹاسک ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے کیا گیا شروعات میں ڈسٹرکٹ پولیس نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں غیر رسمی کاروائیوں کا آغاز کیا اور شہر کے تنگ راستے کشادہ کر دیئے جس کے بعد شہر میں کافی حد تک ٹریفک کا مسئلہ ختم ہوتا دیکھائی دیا تاہم یہ آپریشن بھی بے سود نظر آرہا ہے شہر میں ٹریفک جام کے خاتمے اور تجاوازت کے خاتمے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس نے ریڑھی بانوں کو تو ہٹا دیا تاہم ان کی جگہ بڑی گاڑیوں کے مالکان کو بھاری رشوت کے عیوض سپرد کر دی ہے گاڑی مالکان نے ان غیر قانونی پارکنگ ایریا میں گاڑیاں کھڑی کرنا شروع کر دی ہے جس کے بعد ایک بار پھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ گھمبیر ہو گیا ہے اور شہریوں کو اس حوالے سے شدید دشواری کا سامنا ہے سکھر کے شہریوں نے بالا حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک جام کے خاتمے اور غیر قانونی پارکنگ ایریا کے قیام کو سختی سے نوٹس لیا جائے اور شہریوں کو دوہری اذیت سے نجات دلائی جائے ۔