متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے پر عائد مختلف پابندیوں سے بچنے کیلئے غیر ملکی افراد کیلئے اہم معلومات

muhammad ali محمد علی پیر 8 فروری 2016 19:42

متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے پر عائد مختلف پابندیوں سے بچنے کیلئے ..

دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 فروری 2016ء) جنوری 2016 سے متحدہ عرب امارات میں کام کر رہے غیر ملکی افراد پر ملازمت کرنے پر 6 ماہ کی پابندی کے قانون میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ قانون میں کی گئی تبدیلی کے بعد اب اگر کوئی بھی غیر ملکی ملازم اپنی متعلقہ کمپنی کیساتھ باہمی سمجھتے سے نوکری سے استعفا دیتا ہے تو اس پر متحدہ عرب امارات میں 6 ماہ تک ملازمت حاصل کرنے پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔

قانون میں اس نئی تبدیلی کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسے بہت ہی کم کیسز سامنے آئیں گے جن میں غیر ملکی ملازمین پر متحدہ عرب امارات میں ملازمت اختیار کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔ تاہم ماہرین کی جانب سے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بعض اوقات ملازمین پر کئی طرح کی ملازمت کی پابندیاں عائد ہو جاتی ہیں تاہم وہ اس سے لاعلم رہتے ہیں اور بعدازاں کئی طرح کی قانونی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جو غیر ملکی ملازمین خود پر عائد کسی بھی قسم کی ملازمت کی پابندی سے متعلق معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ اقامت اور غیر ملکیوں امور کی جنرل ڈائریکٹوریٹ کے دفتر یا وزارت لیبر کے دفتر کا دورہ کرکے تمام معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ان دفاتر میں اپنا پاسپورٹ اور فراہم کرنے پر مطلوبہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ غیر ملکیوں کو امیگیریشن کے دفتر کا بھی دورہ کرکے خود پر عائد کسی قسم کی پابندی سے متعلق معلومات حاصل کر لینی چاہیے کیونکہ کئی مرتبہ ایسے کیسز سامنے آئے ہیں جب غیر ملکی ملازمین پر امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سفری پابندی عائد کر دی گئ تھی تاہم وہ اس سے مکمل طور پر لاعلم رہے۔ امیگریشن پابندیاں کئی مرتبہ غیر ملکیوں کو بڑی مشکلات میں ڈال دیتی ہیں کیونکہ ان کے باعث متحدہ عرب امارات میں سپانسرڈ روزگار حاصل کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔