حکمرانوں کی دولت کا بیشتر حصہ ملک سے باہر ہے ،حلیم عادل شیخ

حکومت نے ملکی اداروں میں نالائق اور سفارشی لوگوں کو بڑے عہدوں پر لگایا،رہنما پی ٹی آئی

پیر 8 فروری 2016 19:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ حکومت میں ایسے لوگوں کی اجارہ داری ہے جن کی دولت کا بیشتر حصہ ملک سے باہر ہے ،وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے کامیاب مزاکرات کی نوید دی ہے جس کہ بعد یہ ملک مزید ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا مقروض ہوگیاہے ،نواز لیگ کے دور حکومت میں اچھی نوکری اس کو ملتی ہے جو حکام اعلیٰ کا خدمت گزار ہوتا ہے ۔

حکومت نے ملکی اداروں میں نالائق اور سفارشی لوگوں کو بڑے عہدوں پر لگاکرخود ہی اداروں کو نقصان پہنچایا ہے ،ان لوگوں نے ہمیشہ بے روزگاروں کو حالات بہتر بنانے کے خواب دکھائے ،عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اپنے ذاتی خزانوں کو بھرا جاتا ہے، کیونکہ عوام کے اس پیسے کی وجہ سے ان کے غیر ملکی دورے اور دیگر شاہانہ اخراجات پورے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے اپنے ناجائز پیسے کو جائز کرنے کے لیے مختلف ناموں سے اسکیمیں متعارف کروائی ہیں ۔

اس طرح پاکستانی ریاست غریب اور حکام امیر سے امیر ہوتے جارہے ہیں۔ محمد علی سوسائٹی میں واقع تحریک انصاف کے آفس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی اداروں کو اونے پونے داموں بیچنے کی بجائے اس کی مینجمنٹ کو بہتر بنائے،ملکی اداروں میں کارکردگی بہتر ہوگی تو ملکی خزانے کو نقصان ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ لوگ غیرملکی قرضوں کا بوجھ عوام پر منتقل کرکے ان کو رسوا کرتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا ملک دشمنوں کو پاکستان کے ترقی کرتے ہوئے ادارے ایک آنکھ نہیں بھاتے ملکی اداروں کو بیچنے کے پیچھے ان کی طویل سازشیں کارفرما ہیں کیونکہ یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ جیسے ہی ان کی حکومت ختم ہوگی یہ سب ملک سے باہر براجمان ہونگے جہاں ان کا پیسہ اور کاروبار موجودہے ۔

متعلقہ عنوان :