وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے دیوارِ مہربانی کا افتتاح کر دیا

پیر 8 فروری 2016 18:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء )وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے ادارہ اعلوم ابلاغیات کے طلباء کی جانب سے فردوس مارکیٹ کے نزدیک جام شیریں پارک کے بالمقابل ’دیوارِ مہربانی‘ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔

دیوار مہربانی کا خیال ایران سے مستعار لیا گیا ہے جہاں مخیر حضرات اپنے استعمال شدہ کپڑے ، جوتے اور دیگر اشیاء ضرورت مند اور سفید پوش لوگوں کے لئے چھوڑ دیتے تھے۔ اس دیوار کی تعمیر میں ادارہ علوم ابلاغیات کے طالب علم حارث بھٹی ، حسنین ناصر، سلمان عالم، اسدخان اور حنان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی سب سے ذیادہ عطیات دینے والی قوم ہے اور یہاں مخیر حضرات بہت ذیادہ ہیں۔

دیوارِ مہربانی سے سفید پوش طبقہ استفادہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیوارِ مہربانی پر اسی کا حق ہے جس کو ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ علوم ابلاغیات کے طالبعلموں کا یہ اقدام قابل تحسین ہے جبکہ دیوار پر نقش و نگار کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلباء و طالبات نے کیا ہے۔ اس موقع پرچیئرمین اخوت فاوٗنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے بھی دیوارِ مہربانی کا دورہ کیا ۔