پیپلز پارٹی منافقت نہیں مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے‘مخدوم احمد محمود

حکمران طبقہ مزدوروں کیخلاف انتقامی، سیاسی اور ذاتی مفادات کے حصول پر اپنی کاروائی بند کریں پیپلز پارٹی احتجاجی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مگر حالات ہمیں اس طرف جانے پر مجبور کر رہے ہی‘سابق گورنر پنجاب

پیر 8 فروری 2016 18:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) پاکستا ن پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے پیچھے حکمرانوں کے ذاتی مفادات چھپے ہیں جو بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے پی آئی اے کے ملازمین کو ہراساں کر رہے ہیں بہتر یہی ہو گا کہ حکمران طبقہ مزدوروں کیخلاف انتقامی، سیاسی اور ذاتی مفادات کے حصول پر مبنی اپنی کاروائیاں بند کر دیں،قوم محنت کشوں اور غریبوں کے ساتھ میاں برادران کے سلوک سے اچھی طرح آگاہ ہیں ماضی میں جب اتفاق فونڈری کے اندر مزدوروں کے بنیادی حقوق کی خاطر احتجاج کرنے والے یونین کے صدر عبدالرحمان شہید کو میاں برادران کے کہنے پر اتفاق فونڈری کی بھٹی میں زندہ جلا دیا گیا تھاآج بھی ان کے برسی انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ مناتے ہیں،پیپلزپارٹی احتجاجی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مگر حالات ہمیں اس طرف جانے پر مجبور کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور پیپلز لیبر بیور و پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل کی قیادت میں واپڈا، ریلوے، پی آئی اے اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سمیت مختلف اداروں کی ٹریڈ یونیز سے وابستہ مزدور رہنماؤں کے ایک وفد سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ پیپلز پارٹی منافقت نہیں بلکہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ وفاق میں اپوزیشن ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایشوز پر بات کی ہے ہم فرینڈلی نہیں ذمہ دارانہ اپوزیشن کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو در پیش مسائل کا خاتمہ ہمارا مشن ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے (ن) لیگ خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہی ہے او راکثریت نے اپنا مستقبل پیپلز پارٹی کے ساتھ منسلک کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے ملازمین کا احتجاج انکا حق ہے اور انکے اس حق کے لیے پیپلز پارٹی انکے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی کیونکہ آئین کے آڑٹیکل 16 کے تحت ہر شہری کو پر امن احتجاج جبکہ آڑٹیکل 17 کے تحت پاکستان کے ہر شہری کو انجمن سازی کا حق ہے۔

پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی اعلان کے بعد ملازمین کے احتجاجی مظاہروں پر ریاستی اداروں کے تشدد نے ضیاء آمریت کے دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹر و بس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بدحواسی کا شاہکار ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن اور محب وطن باشعور عوام آج بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اپنے شہید قائدین کے وژن کے مطابق قوم کو متفقہ و اسلامی آئین کے تحفظ اور روٹی کپڑا، مکان کی فراہمی پر یقین اور عزم رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا کارکن مایوس نہیں ہے آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی عوامی منشور کے مطابق زیادہ پر اعتماد طریقہ سے میدان میں اترئے گی جو وفاق سمیت چاروں صوبوں میں واضح اکثریت حاصل کر کے اپنی حکومتیں قائم کر یگی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی کمان سنبھالنے کے بعد، بہترین منصوبہ بندی بھی کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :