خود کفالت کی منزل کے حصول اورمسائل سے چھٹکارے کا واحد زینہ تعلیم ہے،تعلیم پر سرمایہ کاری کرنے والی قوموں نے ترقی کا سفر تیزی سے طے کیا ہے،نئی نسل کو زیور تعلیم سے آ راستہ کرنے کے پروگراموں پر اربوں روپے کے وسائل صرف کیے جارہے ہیں ،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد ہونہار مستحق طلباء و طالبات اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی مسلم لیگ ( ن )کے کارکنوں کے وفد سے گفتگو

اتوار 7 فروری 2016 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 7فروری۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی ،خود کفالت کی منزل کے حصول اورمسائل سے چھٹکارے کا واحد زینہ تعلیم ہے اورمعیاری تعلیم عام کرکے انتہاء و شدت پسندی کے رجحانات پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔تعلیم پر سرمایہ کاری کرنے والی قوموں نے ترقی کا سفر تیزی سے طے کیا ہے ۔تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے ۔

نئی نسل کو زیور تعلیم سے آ راستہ کرنے کے پروگراموں پر اربوں روپے کے وسائل صرف کیے جارہے ہیں ۔فروغ تعلیم کے لئے وسائل کی فراہمی قوم کے تابناک مستقبل کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے ۔معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے نہ پہلے وسائل کی کمی آنے دی نہ آئندہ آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد ہونہار مستحق طلباء و طالبات اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔

ملک کی تاریخ کے تعلیمی وظائف کی فراہمی کے منفرد اوربے مثال پروگرام نے مستحق ذہین طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے ہیں ۔اربوں روپے سے میرٹ کی بنیاد پر لاکھوں نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔پنجاب حکومت کے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کے طلباء و طالبات کی شمولیت سے باہمی اخوت اوربین الصوبائی رابطے فروغ پارہے ہیں ۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا-وزیر اعلی نے کہا کہ دانش سکول سسٹم کے ذریعے پسماندہ علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھلے ہیں ۔دانش سکولوں میں غریب ترین گھرانوں کے ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے ۔پسماندہ علاقوں میں بنائے گئے دانش سکول وسائل غریب عوام پر خرچ کرنے کی اعلی مثال ہے ۔

پنجاب حکومت نے کم ترقی یافتہ علاقوں میں جدید ترین دانش سکول قائم کرکے ان علاقوں میں علم کے دےئے روشن کیے ہیں ۔وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہدانش سکولوں پر تنقید کرنے والے نہیں چاہتے کہ غریب گھرانوں کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کریں۔اشرافیہ کے بچوں کی طرح معیاری تعلیم پر غریب خاندانوں کے بچوں کا بھی پورا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ دور آمریت کے دوران پنجاب کے سابق حکمرانوں نے دیگر شعبوں کی طرح تعلیم کے نام پر بھی لوٹ مار کا بازار گرم رکھا ۔

پڑھالکھا پنجاب کے نام پر تعلیمی شعبے کو برباد کر کے صوبے میں جہالت کے اندھیرے پھیلائے اورصوبے میں اقرباء پروری اورکرپشن کو فروغ دیا گیا ،میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔دورآمریت میں قومی وسائل کو لوٹنے کے ساتھ سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے بھی معاف کرائے گئے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سابق حکمرانوں کے کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے جبکہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دینے کے بجائے صرف اپنی جیبیں بھریں اورترقیاتی منصوبوں کے نام پر غریب قوم کی محنت کی کمائی لوٹنے والوں کا قوم نے اپنے ووٹ کی طاقت سے 2013کے عام انتخابات اوربلدیاتی الیکشن میں کڑا احتساب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کے مٹھی بھر مخالفین پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں، عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے جاری رہیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت فروغ تعلیم کیلئے” پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب“پروگرام کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اورسال2018ء تک پنجاب کے ہر بچے کے سکول داخلے اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے ہدف کو ہر قیمت پر حاصل کرنا ہے ۔

معیاری تعلیم صوبے کے ہر بچے کا حق ہے اوریہ حق اسے دےئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔”پڑھو پنجاب ،بڑھوپنجاب “ کے تحت مقررہ کردہ اہداف کے حصول سے تعلیم کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اربوں روپے سے سکولوں کی خستہ ہال عمارتوں کی تعمیرو بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پرکیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران تعلیم کے میدان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرچکی ہے اوراس ضمن میں آئندہ بھی وسائل کی فراہمی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :