پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر ہمارے تحفظات دور نہ کئے گئے تو ہم اپنا حق حاصل کرنا بخوبی جانتے ہیں عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا غداری ہے تو ہم بار بار یہ عمل دہراینگے،سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کا سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 7 فروری 2016 20:04

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 7فروری۔2016ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر ہمارے تحفظات دور نہ کئے گئے تو ہم اپنا حق حاصل کرنا بخوبی جانتے ہیں عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا غداری ہے تو ہم بار بار یہ عمل دہراینگے انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوابی کے موضع بام خیل میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر ایم این اے عاقب اللہ خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنے کیلئے نیک اور صالح لوگوں کو منتخب کیا جائے ۔ سپیکر نے کہا کہ مجھے جو سپیکر شپ کا عہدہ ملا ہے تو یہ مجھے نہیں بلکہ ضلع صوابی کے غیور عوام کو ملا ہے اور یہ عہدہ صرف و صرف عوام کی خدمت کیلئے استعمال ہوگا انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے میں خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق کا خیال نہ رکھا تو ہم کسی بھی انتہائی اقدام سے گریز نہیں کرینگے۔

(جاری ہے)

نواز شریف صرف پنجاب کے وزیراعظم نہ بنے بلکہ تمام ملک کے وزیراعظم بنیں اور تمام صوبوں کو یکساں حیثیت سے دیکھیں۔ عوام با شعور ہیں اور وہ اچھے برے میں تمیز کرنا بخوبی جانتے ہیں عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے اعتماد پر پورا اترینگے انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ عوام کے حقوق کسی کو بھی غصب نہیں کرنے دینگے اور اگر عوام کے حقوق کے حصول کی خاطر سپیکر شپ کے عہدے کی قربانی بھی دینی پڑی تو اس سے بھی دریغ نہیں کرونگا لیکن عوام کو کسی بھی موقع پر مایوس نہیں کرونگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے منہ سے نوالا چھیننے والے خوابوں کی دنیا سے نکل آئے ایسا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا عوام کی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر ہمیں اگر غدار کہا جائے گا تو ہم یہ کام بار بار کرینگے عوام کے حقوق کے حصول کے خاطر غدار کا لفظ قبول کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضلع صوابی میں اربوں روپے کے پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے پانچ سال میں صوابی ایک ماڈل ضلع بن کر ابھرے گا جہاں عوام کو خوشحالی سمیت تمام سہولیات میسر ہونگی بعدازاں انہوں نے کنڈا ٹوپی روڈ اور گدون روڈ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اس موقع پر سی اینڈ ڈبلیو کے چیف انجینئر سمیت دیگر اعلیٰ حکام‘ ٹھیکیداران اور کثیر تعداد میں عوام بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ پی کے 35 میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے تاکہ عوام کو بہتری سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں۔

انہوں نے تعمیراتی محکمہ کے حکام پر واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا سڑکوں کی تعمیر میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ ایزی لوڈ‘ کرپشن اور کمیشن کا دور دفن ہوگیا ہے۔ اب ہر کام میں شفافیت اور جواب دیہی کا عمل دخل شروع ہوچکا ہے ۔ لہٰذا تعمیراتی محکمے تعمیرات کو دیرپا اور معیاری بنانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں اور جہاں بھی خامی دیکھیں اس کی نشاندہی کریں تاکہ اصلاح کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :