متحدہ نے پی آئی اے ملازمین کو حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرادی،اسلام آباد جا کر وزیر اعظم اور اسحاق ڈار کے سامنے پی آئی اے ملازمین کے مطالبات رکھیں گے،پی آئی اے کسی کے باپ کی جاگیر نہیں عوام کی امانت ہے، حکومت پی آئی اے کی نجکاری نہیں تباہ کاری کر رہی ہے ،اگر حکمران نجکاری اور تباہ کاری کا فرق نہیں جانتے تو ہم بتا دیتے ہیں،ملازمین کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانیں دیں گے،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا پی آئی اے کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب

اتوار 7 فروری 2016 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 7فروری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ نے پی آئی اے ملازمین کو حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔اتوار کو ایم کیو ایم کے رہنمافاروق ستار نے پی آئی اے ملازمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اسلام آباد جا کر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے سامنے پی آئی اے ملازمین کے مطالبات رکھیں گے۔

کر اچی میں فاروق ستار نے پی آئی اے ملازمین کے احتجاج میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے بلکہ عوام کی امانت ہے۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ تباہ کاری کر رہی ہے ،اگر حکمران نجکاری اور تباہ کاری کا فرق نہیں جانتے تو ہم بتا دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں ،پی آئی اے ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں جنہیں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانیں دیں گے، پی آئی اے کے لاپتہ ملازمین کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے گورے انگریزوں سے انصاف حاصل کیا ،اس کو کالے انگریزوں کے قبضے سے بھی چھڑائیں گے ،پی آئی اے کو بچا کر پاکستان بچائیں گے۔