اقتصادی راہداری سے پاکستان تقریباً 20سال آگے بڑھ جائے گا ‘ یہ منصوبہ سیاست سے بالاتر اور ہماری آنے والی نسلوں کی امانت ہے‘ اس کے مغربی روٹ پر کوئی ابہام نہیں صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر اعتراضات کیے جارہے ہیں،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال کا انٹر ویو

اتوار 7 فروری 2016 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 7فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر اقتصادی راہداری سے ہم فائدہ اٹھائیں تو پاکستان تقریباً 20سال آگے بڑھ جائے گا ‘ یہ منصوبہ سیاست سے بالاتر ہے یہ ہماری آنے والی نسلوں کی امانت ہے‘ اس کے مغربی روٹ پر کوئی ابہام نہیں صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر اعتراضات کیے جارہے ہیں۔

اپنے ایک انٹر ویو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں تمام وزراء اعلیٰ اور دیگر وزراء شامل ہوں گے جو اس منصوبہ کی نگرانی کریں گے میں سمجھتا ہوں کہ جب پوری قومی قیادت کا اتفاق ہوگیا ہے اس کے بعد اس منصوبہ پر کسی قسم کا تنازعہ کھڑا کرنا ملک کے لیے بہتر نہیں یہ پاکستان کے لیے اللہ تعالیٰ نے بہت بڑا موقع دیا ہے اگر اقتصادی راہداری سے ہم فائدہ اٹھائیں تو پاکستان تقریباً 20سال آگے بڑھ جائے گا اور اس میں کسی قسم کا تاثر دینا کہ مغربی روٹ اس منصوبہ کا حصہ نہیں غلط ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لانگ ٹرم ٹرانسپورٹ کے حوالہ سے نقشے ویب سائٹ پر بھی جاری کیے ہیں ان کا کہنا تھا کہ یہ نقشے صرف پاکستان نہیں بلکہ چین اور پاکستان دونوں کی جانب سے جاری کیے ہیں یہ منصوبہ سیاست سے بالاتر ہے یہ ہماری آنے والی نسلوں کی امانت ہے اس خطہ میں مقابلہ ہے اگر ہم اس پر کسی قسم کا تغافل برتیں گے یا آپس میں انتشار کا شکار ہوں گے تو یہ راستے کی اور ملک سے بھی نکل سکتے ہیں اگر کوئی اس پر کسی قسم کا تنازعہ کھڑا کرتا ہے تو مجھے نہیں معلوم وہ کس ایجنڈے کے تحت کھڑا کر رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں۔