بھارت کا پٹھانکوٹ حملے کے ذمہ داران کیخلاف ٹھوس کاروائی کرنے تک پاکستان سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ‘بھارتی اخبار

اتوار 7 فروری 2016 18:57

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 7فروری۔2016ء) بھارت نے پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے کرداروں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرنے تک پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار ”دی ٹائمز آف انڈیا “ نے وزار ت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آنے کے بعد کہ پاکستان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے ایجنڈے میں کشمیر کوشامل کرنا چاہتا ہے بھارتی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملے کے ذمہ داران کے خلاف ٹھوس کاروائی کیے جانے تک پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا تھاکہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات فروری میں ہونے کا امکان ہے ۔یاد رہے کہ پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کے دوران خارجہ سیکرٹری مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا تھا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ لاہور کے دوران دونوں ممالک نے جلد مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔