ملاکنڈ ویلج کونسل پُرانہ سخاکوٹ کے متعدد سکولز بُنیادی سہولیات سے محروم

اتوار 7 فروری 2016 18:06

ملاکنڈ۔07 فروری( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 فروری۔2016ء ) ویلج کونسل پُرانہ سخاکوٹ کے متعدد سکولز بُنیادی سہولیات سے محروم ، سات سکولوں میں چار سکولز دو کمروں پر مشتمل ہیں جس کی وجہ سے بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ڈیوٹی میں غفلت کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی سمیت سکولوں میں فی الفور کمرے تعمیر کئے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار ویلج کونسل پُر انہ سخاکوٹ کے ناظم فضل رحیم ، نائب ناظم اختر حسین اور سجاد خان نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیمی میدان میں قابل ستائش اصلاحات کے باوجود ویلج کونسل ہذا میں بچوں کے لئے کمرے تک میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویلج کونسل کے سات سکولوں میں سے چار سکولوں میں صرف دو کمرے ہیں جبکہ سکولوں میں آساتذہ کی کمی کیساتھ ساتھ پینے کے لئے صاف پانی اور باتھ رومز جیسی بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے جس سے محکمہ تعلیم ملاکنڈ کے حکام او ر اہلکاروں کی کاکردگی صاف ظاہر ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خان خٹک ،وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے ویلج کونسل پُرانہ سخاکوٹ کے سکولوں کی ناگفتہ بہہ حالت کا نوٹس لینے اور بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی اپیل کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :